الخدمت فاؤنڈیشن متاثرین سیلاب کی دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے، میاں اسلم


ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن متاثرین سیلاب کی دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے، حالیہ سیلاب ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب ہے، 100اضلاع اس سے متاثر ہوئے ہیں، 1500سے زائد شہادتیں ہوئیں،لاکھوں افراد بے گھر ہوئے، ان کی املاک کو نقصان پہنچا، حکومت نے شہید، زخمی ہونیوالوں، املاک ، فصلات اور جانوروں کے نقصانات کے ازالے کیلئے جو امدادی پیکیجز اعلان کئے ہیں وہ فوری طور متاثرین سیلاب کو ادا کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پروآ، عادل سپرا اور گاؤں رشید میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے جائزہ کیلئے کئے گئے دورہ کے موقع پر پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر صوبائی نائب امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مولانا تسلیم اقبال، ضلعی امیر جماعت اسلامی ڈیرہ مولانا سلیم اللہ ارشد،ضلعی صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈیرہ منظر مسعود خٹک اور اعجازاعوان بھی موجود تھے۔

اس موقع پرپروآ میں 200متاثرین سیلاب میں راشن بھی تقسیم کیا گیا جس میں اشیائے خوردونوش کا سامان شامل تھا۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر میاں محمد اسلم کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے، گاؤں کے گاؤں سیلابی پانی میں ڈوب گئے۔ ملک بھر میں جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے50ہزار رضا کار دن رات متاثرین کی بحالی میں مصروف ہیں اور متاثرین میں اب تک  مخیر حضرات کے تعاون سے50کروڑ روپے سے زائد کا امدادی سامان اور راشن تقسیم کرچکے ہیں۔