اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کے نوجوانوں اور خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ انسٹی ٹیوٹ آف رورل مینجمنٹ اور اگنائیٹ کے تعاون سے شروع کئے گئے گوگل کے کیریئر سرٹیفکیٹ پروگرام کے تحت پیش کردہ 15,000 آن لائن کورسز میں فعال طور پر داخلہ لیں اور ان سے بھرپور استفادہ کریں، ڈیجیٹلائزیشن سے کاروباری اداروں کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا جبکہ بے روزگار افراد کو قومی معیشت میں اپنا حصہ ڈالنے کے مواقع میسر آئیں گے، پاکستان اپنے آئی ٹی سیکٹر کی بدولت ترقی کی دوڑ میں آگے نکل سکتا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو گوگل کیریئر سرٹیفکیٹ پروگرام کی لانچنگ تقریب سے اپنے ورچوئل خطاب میں کیا۔ اس پروگرام کے تحت گوگل پاکستان میں آئی ٹی سپورٹ، آٹومیشن، پروجیکٹ مینجمنٹ، یو ایکس ڈیزائن، ڈیٹا اینالیٹکس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ای کامرس جیسے اعلی درجے کے آن لائن کورسز پیش کر رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستانی نوجوانوں اور خواتین میں ولولہ پیدا گا تاکہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو بہتر کرنے کے علاوہ معیشت میں ان کی شراکت بڑھانے میں بھی مدد ملے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہتر ڈیجیٹلائزیشن سے معیشت میں خواتین کی شمولیت میں اضافہ ہوگا، اس کے علاوہ خواتین اور نوجوانوں کو آئی سی ٹی ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے پوری دنیا میں اپنی خدمات کی مارکیٹنگ کرنے کے قابل بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن سے کاروباری اداروں کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا اور ان کے کام میں تیزی آئے گی، اس کے علاوہ بے روزگار افراد کو معیشت میں حصہ ڈالنے کے مواقع فراہم ہوں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی سیکٹر کی مدد سے ترقی کی دوڑ میں آگے نکل سکتا ہے، مستقبل میں اس شعبے میں درکار افراد کی تعداد میں اضافہ ہو گا کیونکہ ڈیٹا کی پروسیسنگ کی ضرورت میں بھی دن بہ دن اضافہ بھی ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس قسم کے تربیتی کورسز کی ضرورت ہے کیونکہ یہاں نوجوانوں کی بڑی آبادی ہے اور کچھ طلبا، جن کی اعلی تعلیم تک رسائی نہیں ہے وہ بھی جدید ترین ڈیجیٹل اور آئی ٹی کی مہارتیں حاصل کرکے معیشت میں حصہ لے سکیں گے۔ انہوں نے اس بات کو سراہا کہ گوگل 15 ہزار کورسز پیش کر کے پاکستان کی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبہ کی ترقی میں کردار ادا کر رہا ہے۔
صدر مملکت نے طلبا پر زور دیا کہ وہ ایسے پروگراموں سے استفادہ کریں۔ انہوں نے خاص طور پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے ڈجی اسکلز پروگرام کا حوالہ دیا جس کے تحت 25 لاکھ افراد کو تربیت دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈجی سکلز پروگرام کامیاب رہا ہے اور اس کے ذریعے بے روزگار نوجوانوں کو فائدہ مند روزگار حاصل کرنے کے قابل بنایا گیا ہے۔