کراچی (صباح نیوز)افریقہ 2-کیبل پاکستان میں2025 تک فعال ہونے کا امکان ہے ۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھار ٹی( پی ٹی اے) کی پاکستان میں افریقہ 2-سب میرین کیبل سسٹم پر اہم پیش رفت ہوئی ہے جس میں ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (ٹی ڈبلیو اے)، پاکستان کے لئے افریقہ 2- سب میرین کیبل کے لینڈنگ پارٹنر کی معاونت شامل ہے۔ افریقہ 2-دنیا کے سب سے بڑے سب میرین کیبل سسٹمز میں سے ایک ہے، جو 45000کلومیٹر طویل ہے اور افریقہ، یورپ اور مشرق وسطیٰ کے 46 مقامات کو آپس میں جوڑتا ہے۔
ایس ڈی ایم آئی ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے یہ 180 ٹیرا بٹس فی سیکنڈ کی گنجائش فراہم کرتا ہے۔ آٹھ شراکت داروں پر مشتمل ایک عالمی کنسورشیم، بشمول میٹا اور ووڈافون، اس منصوبے کر رہے ہیں ۔ افریقہ 2-کیبل پاکستان میں چوتھی سہ ماہی 2025 تک فعال ہونے کا امکان ہے۔منصوبے کے پہلے مرحلے کے دوران پری لے شور اینڈ (PLSE) کی تنصیب کا آغاز یکم دسمبر 2024 کو ہوا، اور کیبل کراچی کے ہاکس بے پر اتری۔ دوسرے مرحلے میں، گہرے سمندر میں کیبل بچھانے کا عمل یکم اپریل 2025 سے شروع ہوگا۔اس منصوبے سے پاکستان کے بین الاقوامی ٹیلی کمیونیکیشن کے بنیادی ڈھانچے میں نہ صرف بہتر ی آئے گی بلکہ رابطے کا نظام مزید مضبوط ہو گا۔