اسلام آباد(صباح نیوز) صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان تمام مذہبی برادریوں کے حقوق کے تحفظ اور احترام کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
ہم اس بات کو یقینی بناتے رہیں گے کہ تمام مذاہب کے لوگ آزادانہ طور پر اپنے عقائد پر عمل کر سکیں اور پاکستانی قوم کی اجتماعی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں، کرسمس کے موقع پراپنے الگ الگ پیغامات انہوں نے کہاکہ ہمیں عدم برداشت اور امتیازی سلوک کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی اور اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ پاکستان میں ہر شخص کا عزت و احترام کیا جائے اور وہ خود کو محفوظ تصور کرے۔کرسمس کے پرمسرت موقع پر صدر زرادی نے پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کر تے ہوئے اپنے پیغام میںکہاکہ کرسمس انسانیت کے لیے ایک آفاقی پیغام لاتی ہے اور تمام مذاہب کے ماننے والوں کو محبت، سخاوت، رحم، اتحاد اور امید کی ترغیب دلاتی ہے۔ کرسمس کا دن حضرت عیسی کی ولادت کی یاد میں منایا جاتاہے ۔ آپ کا محبت، ہمدردی اور امن کا پیغام آج بھی ہماری حوصلہ افزائی اور رہنمائی کر رہا ہے۔ یہ آفاقی پیغام ہمیں ایک جامع اور پرامن معاشرے کے قیام کیلئے کام کرنے کی ترغیب دیتا ہے
انہوں نے کہاکہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو ان کے مذہب سے قطع نظربنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور انہیں عبادت کرنے اور اپنے عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی دیتا ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح نے ایک ایسے پاکستان کا تصور دیا جہاں تمام مذاہب کے لوگ برابری کی بنیاد پر ترقی کر سکیں۔ قومی یکجہتی اور ترقی کے لیے تمام شہریوں کے حقوق کی پاسداری ناگزیر ہے۔ صدر نے کہا کہ آج کے دن ہم پاکستان کی ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کا بھی اعتراف کرتے ہیں۔ انہوں نے تعلیم، صحت ، کمیونٹی سروس، سماجی بہبود، اور عوامی خدمت کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دیں ہیں۔ مسیحی برادری کا کردار ہماری قوم کے متنوع پن کا ثبوت ہے اور یہ امر تمام پاکستانیوں کے لیے باعث ِفخر ہے۔
صدر زردار ی نے کہا کہ آئیے ، ہم مذہبی ہم آہنگی، احترام ِباہمی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عہد کی تجدید کریں۔ ہمیں عدم برداشت اور امتیازی سلوک کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی اور اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ پاکستان میں ہر شخص کا عزت و احترام کیا جائے اور وہ خود کو محفوظ تصور کرے۔ انہوں نے کہاکہ کرسمس کا تہوار ہمیں درس دیتا ہے کہ ضرورت مندوں سمیت ایک دوسرے کی طرف دوستی اور یکجہتی کا ہاتھ بڑھائیں۔ آئیے ہم اسی جذبے کو لیکر سال بھر امن، انصاف اور ہمدردی پر مبنی معاشرے کی تعمیر کے لیے مل کر کام کریں۔دعا ہے کہ یہ کرسمس ہماری مسیحی برادری کے لیے مسرت ، خوشحالی اور امید لیکر آئے،
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرسمس 2024 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کرسمس کے پر مسرت موقع پر، میں پاکستان اور دنیا بھر میں اپنے مسیحی بہنوں اور بھائیوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔کرسمس کے موقع پر ہمیں اس کے پیغام پر بھی غور کرنا چاہیے: تمام انسانیت کے لیے امن، بھائی چارے اور محبت کا پیغام, جیسا کہ حضرت عیسی علیہ السلام نے ہمیں سکھایا۔ حضرت عیسی نے ہمدردی، مہربانی، رحم، اور حکمت جیسی پائیدار اقدار کی تبلیغ کی، لوگوں کی نیک زندگی کی جانب رہنمائی کی اور انہیں رب العزت کی قربت حاصل کرنے کی ترغیب دی۔
وزیراعظم نے کہاکہ آج کے دن ہم اپنے مسیحی بہنوں اور بھائیوں کی طرف سے ملک کی ترقی اور استحکام، خاص طور پر تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور قوم کی تعمیر کے شعبوں میں کیے گئے مثالی تعاون کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان تمام مذہبی برادریوں کے حقوق کے تحفظ اور احترام کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بناتے رہیں گے کہ تمام مذاہب کے لوگ آزادانہ طور پر اپنے عقائد پر عمل کر سکیں اور پاکستانی قوم کی اجتماعی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ا نہوں نے دعاکی کہ یہ کرسمس ہر گھر میں خوشیاں اور برکتیں لائے، اور آنے والا سال ہمارے پیارے ملک اور اس کے لوگوں کے لیے امید، امن اور کامیابیوں سے بھرا ہو۔