ذہین نوجوان سٹارٹ اپس سے پاکستان کا مستقبل روشن کریں گے, پروفیسراحسن اقبال


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسراحسن اقبال نے کہا ہے کہ ہماری نسل نے تختی سے فائیو جی کا سفر طے کر کے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے،ہماری نوجوان بچیاں کامیابی سے جدید شعبوں میں آگے بڑھ رہی ہیں،ہر ترقی یافتہ ملک نے خواتین کی شمولیت کے ذریعے ترقی حاصل کی
 ہے،ذہین نوجوان سٹارٹ اپس سے پاکستان کا مستقبل روشن کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ویمن انٹرپرینیورشپ کانفرنس ویکون 2024سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ہماری نسل نے تختی سے فائیو جی کا سفر طے کر کے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے،یہ نالج اور انوویشن کا دور ہے، حیرت انگیز چیزیں رونما ہو رہی ہیں، پاکستان کے نوجوان انٹرپرینیور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان بچیاں کامیابی سے جدید شعبوں میں آگے بڑھ رہی ہیں، دنیا کی ممتاز یونیورسٹیوں میں پاکستانی خواتین اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں، نارووال جیسے پسماندہ علاقے کی ترقی پر مجھے فخر ہے جہاں یونیورسٹی میں طلبہ کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں مسائل کے حل کے لیے فائیو ایز کا ماڈل پیش کیا گیا ہے، فائیو ایز فریم ورک میں برآمدات، ڈیجیٹل پاکستان، گرین توانائی، ماحولیاتی تحفظ، اور  ترقی کے مساویانہ مواقع کے لئے اقدامات شامل ہیں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پاکستان کو اپنے نوجوان نسل اور خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے، ہمیں ہر شعبے میں خواتین کو آگے لانے کے لیے پروگرامز شروع کرنے کی ضرورت ہے، ہر ترقی یافتہ ملک نے خواتین کی شمولیت کے ذریعے ترقی حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو اپنے ملک کے لیے جذبہ ہے تو وہ یہاں رہ کر اپنا کردار ادا کرے گا، میں نے بھی باہر سے ڈگری لی مگر اسی ملک میں رہ کر ترقی دیکھی، دنیا پاکستان کی معیشت کے بارے میں پر امید ہے،پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ 94 ہزار انڈیکس کو عبور کر چکی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ بحثییت قوم ہمارے فیصلے ہمارے کل کا تعین کریں گے، ہم نے 2013 میں ملک کو بحران سے نکالنے کا چیلنج قبول کیا اور کامیاب ہوئیمگر 2018 میں یوٹرن نے ہماری ترقی کو پیچھے دھکیل دیا، دوست ممالک پر الزامات نے تعلقات کو متاثر کیا، میرے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے گئے، جیل میں فزیو تھراپی کی سہولت بھی نہیں دی گئی مگر ہم نے شور نہیں مچایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر اپریل 2022 میں بحران کا شکار ہوا، کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے امن، سیاسی استحکام، پالیسیوں کا تسلسل اور اصلاحات ضروری ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں سو سالہ تاریخ کا جائزہ لے کر آگے بڑھنے کی رفتار کو تیز کرنا ہے، ہم نے اسی جذبے سے محنت جاری رکھی اور سیاسی استحکام رہا تو اگلے چند سالوں میں ملک ترقی کی راہیں طے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ذہین نوجوان سٹارٹ اپس سے پاکستان کا مستقبل روشن کریں گے۔  اسحاق ڈار متحدہ عرب امارات میں سربنی یاس فورم میں شرکت کریں گے۔  فورم میں عالمی رہنمائوں اور ماہرین کے ساتھ اعلی سطح کے مذاکرے کا حصہ بنیں گے