موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومت کی طرح نیب میں ترامیم کرکے مجرموں کو بچارہی ہے ، مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومت کی طرح نیب میں ترامیم کرکے مجرموں کو بچارہی ہے حکومت کی جانب سے نیب ترمیمی ایکٹ 2022ء کی منظوری کے بعد احتساب عدالت میں زیر سماعت 50سے زائد ریفرنسز نیب کو واپس بھجوادیے گئے ہیں۔ ترمیمی ایکٹ کے بعد موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف سمیت درجنوں افراد کو ریلیف ملے گا۔ اتحادی حکومت کرپشن کیسز کا سامنا کرنے کی بجائے نیب کے اختیارات ختم کرنا چاہتی ہے۔ ملک وملت کی مفاد میں کسی کو کوئی فکر نہیں نہ کسی ترامیم کی ضرورت محسوس کر رہے ہیں ۔بدعنوان عناصر کو سزاملنے تک تبدیلی نہیں آسکتی۔

اپنے بیان میں  انہوں نے کہاکہ ملک میں احتساب کا عمل بلا تفریق ہونا چاہیے سیاستدانوں اسٹبلشمنٹ کے لوگوں سمیت ہر بدعنوان کے خلاف بلاتفریق احتساب کی ضرورت ہے ۔ چاہے کوئی بھی شخص ہو، اگر اس کے خلاف کرپشن کا کوئی کیس چل رہا ہے تو اس کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہئے۔اداروں کو اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنا بد ترین فعل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی ملک میں انتقامی سیاست کی جارہی ہے۔ کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتی ، جب تک وہ آئین و قانون کی تابعداری نہیں کرتی۔ غریب کے لیے اور قانون اور امیر کے لیے اور قانون کا تاثر ختم ہونا چاہیے۔ قوم کی سیلاب کی تباہ کاریوں سے نبر دآزما ہے اور وزیر اعظم لندن کی یاترا پر ہیں۔ اس وقت انہیں عوام میں ہونا چاہیے۔ سیلاب نے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ کروڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ لاکھوں گھر مسمار ہوئے ہیں۔ ریلیف فنڈمیں بھی بدعنوانی عروج پر ہے ریلیف فنڈزمیں کرپشن کرنے والے دنیا وآخرت میں رسواوبدنام ہوں گے ۔متاثرین کی بحالی وامداد کے حوالے سے حکومتی اقدامات محض اعلانات تک محدود ہو کر رہ گئے ہیںدنیابھر سے امدادآرہی ہے لیکن متاثرین کے پاس نہیں جارہی جو لمحہ فکریہ ہے۔ وقت آگیا ہے قوم ان چوروں، لٹیروں اور ظالم حکمرانوں کو پہنچانیں اور ان سے نجات حاصل کرنے کے لئے ہمارا ساتھ دے