صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کا” آغوش ہوم ” کادورہ ،یتیم بچوں میں گھل مل گئے


کراچی (صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبد الشکور کا گلشن معمار میںالخدمت کے نو تعمیرشدہ” آغوش ہوم ”کا دورہ ،وہاں زیرتعلیم بچوں میں گھل مل گئے۔ان کے ساتھ کھیل کود میں بھی شریک ہو ئے۔

دریں اثنا انہوں نے آغوش ہوم کا تفصیلی معائنہ کیا ۔انہیں آغوش ہوم میں ڈائننگ روم ، رہائشی کمروں ،کمپیوٹر لیب ،لائبریری ،کچن ،وضو خانے ،مسجد ،لیکچر سینٹر ،اسکول ،پلے گراؤنڈز اور آغوش ہوم میں بنے دفاترکادورہ کروایا گیااور خصوصی بریفنگ بھی دی گئی ۔

محمد عبد الشکور نے آغوش ہوم کے انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔ڈائریکٹر آغوش ہوم عبدالرحمن فدا ،ڈائریکٹرالخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن سفیان احمد خان ،ایڈمنسٹریٹر الخدمت طارق محفوظ ، ایڈمنسٹریٹر آغوش ہوم آرش کمال ،مصعب بن خالد ودیگر ذمہ داران موجود تھے ۔

اس موقع پر محمد عبد الشکو ر”  الخدمت آغوش ہوم” کی مینجمنٹ کے ساتھ ایک نشست منعقد کی ،جس میں ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں الخدمت کے 17آغوش ہوم ہیں جہاں سیکڑوں یتیم بچوں کی کفالت کی جا رہی ہے، انہیں وہاں رہائش ،تعلیم ،خوراک ،صحت اور تفریح سمیت دیگر تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں ۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیرہونے والے اس ”آغوش ہوم ”نے کام شروع کردیا ہے۔ یہ دیکھ کر انہیں نہایت خوشی ملی ہے۔

محمد عبد الشکو ر نے کہا کہ یتیم بچے ہمارے بچے ہیں ،ان کی دیکھ بھال نہ صرف ہماری ذمہ داری ہے بلکہ پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کیلئے میدان میں آئے ۔انہوں نے کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت عین سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے اورجو اس سنت کو ادا کر رہے ہیں وہ اللہ کے محبوب بندے ہیں ۔الخدمت سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل کر کے نیکی کمانے کیلئے کوشاں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت کے تمام کام مخیر حضرات کے تعاون ہی سے ہوتے ہیں ،وہ بھی اس کار خیر میں شریک ہوتے ہیں اور یہ ان کیلئے بڑی سعادت کی بات ہے ۔اہل خیر اس ضمن میں الخدمت کے ساتھ تعاون کا ہاتھ بڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ ان بچوں کی دیکھ بھال ،ان کی تعلیم وتربیت میں کو ئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے اور انہیں ملک وقوم کا بہترین معمار بنایا جائے ۔

محمد عبدالشکور نے عثمان پبلک اسکول کی مینجمنٹ کے ساتھ بھی ایک اجلاس کیا ،جس میں بچوں کی تعلیم ،ان کی تربیت ، کردرار سازی کے حوالے سے بات چیت  کی اور انہیں خصوصی ہدایات بھی دیں ۔محمد عبدالشکور الخدمت آغوش ہوم کے بچوں سے کھل مل گئے ،انہیں پیار بھی کیا اور انہیں خوب دل لگا کر پڑھنے کی تلقین کی ۔