ملتان سکھر موٹروے پر لاہور سے کراچی جانے والی بس اور آئل ٹینکر میں خوفناک تصادم، 20 مسافر جاں بحق،6 زخمی


ملتان (صباح نیوز) ملتان سکھر موٹروے ایم 5 پر بہاولپور کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی سلیپر بس اور آئل ٹینکر میں خوفناک تصادم کے بعد آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں کم از کم 20  مسافرجھلس کرجاں بحق اور6 زخمی ہوئے ،حادثے کے مقام پر موٹروے ایم 5 کئی گھنٹے بند رہی۔

امدادی ٹیموں کے مطابق مسافر بس لاہور سے کراچی جا رہی تھی کہ پیچھے سے آتی بس نے ائل ٹینکر کو عقبی سمت سے ٹکر ماری۔ حادثے کے بعد بس اور آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی، جس سے زیادہ جانی نقصان ہوا۔ حادثے دوران بیس مسافر موقع پر جھلس کر جاں بحق ہوگئے، جب کہ چھ زخمیوں کو ملتان کے نشتر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی نشتر اسپتال اور جلال پور کے طبی مراکز پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

اسپتال ذرائع کے مطابق حادثے کے تین زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے اور ان کے جسم کا 80 فیصد حصہ جھلس گیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق متاثر بس کے بائیس مسافروں کا تعلق کراچی جبکہ دو مسافروں کا تعلق حیدرآباد سے تھا۔ حادثہ رات 2 بجے پیش آیا۔ حادثہ بس ڈرائیور کی مبینہ غلطی کے باعث پیش آیا، بس ڈرائیور کو دوران ڈرائیونگ نیند آنے کی وجہ سے حادثہ رونما ہوا اور وہ آگے چلتے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ رپورٹس کے مطابق مسافر بس میں 24 مسافر سوار تھے۔ حادثے میں بس کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر بھی جاں بحق ہوگئے، جب کہ بس اور آئل ٹینکر کی ٹکر کے بعد آئل ٹینکر کا ڈرائیور اور کلینر جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کے افسران فوری موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود تھیں۔ آگ اس قدر شدید اور خوفناک تھی کہ دور سے دکھائی دے رہی تھی۔ ترجمان موٹروے کے مطابق جلتی ہوئی گاڑیوں سے بیشتر مسافروں کو زندہ نکالا گیا اور انہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ امدادی ٹیموں کو آگ بجھانے میں کئی گھنٹے لگے۔

ترجمان کے مطابق آئی جی خالد محمود کی ہدایات پر موٹروے پولیس نے ایمرجنسی کرائسز سینٹر بنا دیا ہے۔ ہنگامی کارروائی کے دوران ڈی آئی جی شاہد جواد موقع پر موجود تھے۔ موٹروے پولیس نے جلتی بس سے 9 مسافروں کو باحفاظت نکال لیا تھا،پولیس نے ڈیڈ باڈیز اور زخمیوں کو نزدیک کے اسپتال پہنچایا۔ملتان کے ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے ایک بیان میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے پر جلال پور پیر والا انٹر چینج پر لاہور سے کراچی جانے والی مسافر بس ایک آئل ٹینکر سے عقب سے جا ٹکرائی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور 20 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شدید زخمیوں کو نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ نشتر ہسپتال اور جلالپور کے طبی مراکز پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

لاہور سے رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس 2009 ماڈل کی تھی جو ڈائیوو کمپنی کے تحت چلتی تھی۔ سلیپر بس لاہور سے کراچی کیلئے رات 9 بجے روانہ ہوئی۔ کمپنی ذرائع کے مطابق بس میں دو ڈرائیور سوار تھے۔ تمام اسٹاف نے سکھر میں تبدیل ہونا تھا۔ بس میں کل 24 مسافر سوار تھے جن میں سے دو مسافروں نے حیدرآباد اترنا تھا جبکہ 22 مسافروں نے کراچی جانا تھا۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق حادثے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ کئی میل دور سے شعلے بلند ہوتے دکھائی دے رہے تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی نے ملتان موٹروے ایم فائیو پر ٹریفک حادثے میں ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے

وزیراعلی پنجاب نے انتظامیہ کوہدایت دی ہیں کہ زخمیو ں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، وزیراعلی پنجاب پرویز الہی نے کمشنر ملتان سے حادثے سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ہر پہلو سے انکوائری کرکے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے ملتان میں جلال پور انٹرچینج کے قریب بس اور ٹینکر میں تصادم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور  زخمیوں کے لیے صحتیابی کی دعا کی ہے۔

 روہڑی بائی پاس پر مسافر کوچ الٹنے کے نتیجے میں خواتین و بچوں سمیت 8 مسافر جاں بحق ہو گئے جبکہ 20سے زائد زخمیوں میں سے چند کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سوات سے کراچی آنے والی مسافر کوچ موڑ کاٹتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو گئی۔  حادثے کا شکار ہونے والی کوچ موٹر وے سے روہڑی انٹرچینج کے ذریعے قومی شاہراہ پر آ رہی تھی۔ایدھی ذرائع کے مطابق حادثے میں خواتین و بچوں سمیت 20 سے زائد مسافر زخمی ہیں، جن میں سے چند کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے 8 مسافروں میں 4 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق موڑ کاٹتے وقت الٹ جانے کے حادثے میں جہاں مسافر جاں بحق و زخمی ہوئے، وہیں کوچ بھی بری طرح تباہ ہوگئی۔ حادثے کے بعد 7 مسافروں کی لاشیں تعلقہ اسپتال روہڑی پہنچائی گئیں، جبکہ ایک زخمی خاتون بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئی۔