اپنی آزادی اور خود مختاری کی حفاظت کیلئے ہمیں تحریک پاکستان کے جذبہ سے اٹھنا ہوگا،مولانا عبد الحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی نے کہا ہے کہ اپنی آزادی اور خود مختاری کی حفاظت کیلئے ہمیں تحریک پاکستان کے جذبہ سے اٹھنا ہوگا، حکمرانوں نے پاکستان کو امریکی جیالوں اور آئی ایم ایف کے ملازمین کے حوالے کر کے تباہ وبرباد کردیا ہے

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یوم آزادی کے موقع پر ایک بیان میں کیا۔امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی نے کہاکہ قوم مشکلات پریشانیوں اورنااہل حکمرانوں کی وجہ سے مہنگائی ،امریکی غلامی ،بھاری سودی قرضوں اور سودی نظام میں پھنس کر رہ گئی ہے اس کے باوجود الحمداللہ ملک بھرمیں عوام نے جشن آزادی قومی جوش وجذبے سے منایا ۔ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے اور اپنی آزادی اور خود مختاری کی حفاظت نہ کرسکنے والی قوموں کو دنیا سے حرف غلط کی طرح مٹا دیا جاتا ہے ۔ ہمیں اپنی آزادی کی حفاظت کیلئے تن من دھن سے جدوجہد کرنی ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ جب تک کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کوہنود و یہود کے خونی پنجہ سے آزادی نہیں مل جاتی ہماری آزادی ادھوری ہے۔ وطن عزیزسے کرپٹ حکمرانوں اورکرپشن کا خاتمہ ہی کامیابی کی پہلی سیڑھی ہے جب ملک میں حقیقی اسلامی نظام قائم ہوگا، اس وقت ہم بھی حقیقی طور پرآزادہوں گے

انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے موجودہ وسابقہ حکمرانوں نے پاکستان کو امریکی جیالوں اور آئی ایم ایف کے ملازمین کے حوالے کر کے تباہ وبرباد کردیا ہے ۔قوم وملت کے دشمن کی سازش ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر ٹی وی چینلز، پارکوں میں ناچ گانے ،فلمیں ،فحش ڈرامے ،شہروں میں بدتمیزی ،بدتہذیبی ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  اسلامی مملکت میں اللہ تعالیٰ سے پاکستان و عالم اسلام کی ترقی و خوشحالی اور کشمیر و فلسطین ودیگر مسلم ممالک کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں ،شکرانے کے نوافل ادا ہونے چاہیے تھی لیکن جب نظام حکمران اور ان کے اختیار والے امریکی جیالے ہو تو اسی طرح جشن آزادی کے نام پرخرافات  ہوگی، ملک کی بقا،سلامتی اوربلوچستان کی خوشحالی کا ضامن صرف اسلامی نظام ہے ،ہمیں وہ عہد و پیمان پورا کرنے کیلئے نئے عزم کے ساتھ اٹھنا ہوگا جو قیام پاکستان کے وقت ہم نے اپنے اللہ سے باندھا تھا ۔ جب تک قوم اپنے اس عہد کو پورا نہیں کرتی ملک ترقی و خوشحالی کی منزل کو حاصل کرسکتا ہے نہ قومی وقار اور ملکی خود مختاری کی بحالی اور حقیقی آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے ۔

انھوں نے مزید کہا کہ اپنی آزادی اور خود مختاری کی حفاظت کیلئے ہمیں تحریک پاکستان کے جذبہ سے اٹھنا ہوگا۔قوم یوم آزادی پر اس عزم اور عہد کا اعادہ کرے کہ کشمیر کی آزادی کیلئے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔انہوں نے قوم سے خاص طور پر کشمیر ، فلسطین ودیگرمظلو م مسلمانوں کیلئے کے مظلوم مسلمانوں کیلئے دعائیںکرنے کی اپیل کی۔