حکومت مافیاز کی سرپرست بنی ہوئی ہے،لیاقت بلوچ


اسلام آباد (صباح نیوز) قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 28 نومبر کو یوتھ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مافیاز کی سرپرست بنی ہوئی ہے اور حکمرانوں کی ترجیح اپنے مفادات کا تحفظ ہے۔

عمران خان کی چرب زبانی، غرور و تکبر اب پاکستان کے لئے سکیورٹی رسک بن چکا ہے۔ اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، جے آئی یوتھ کے سربراہ زبیر گوندل، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی یوتھ نے اٹھائیس نومبر کو اسلام آباد میں تاریخی مارچ کا اعلان کیا ہے۔

اس سے قبل اسلامی جمعیت طلبہ نے طلبہ کنونشن میں طلبہ کے حقوق کو بھرپور انداز میں اٹھایا۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ طلبہ کے مطالبات مانے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں نے عمران خان کا بھرپور ساتھ دیا لیکن نوجوانوں کے ارمانوں کا خون کیا گیا۔ اس وقت ملک میں بحرانوں کی زد میں ہے۔

ریاستی ادارے باہم دست و گریبان ہیں۔ ملکی اداروں کے درمیان دیواریں کھڑی کر دی گئی ہیں۔ ملک میں انارکی کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگاری کا سامنا کر رہے ہیں۔

سٹیٹ بینک اور دیگر حکومتی ادارے بے روزگاری میں اضافے کی تصدیق کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بغاوت پر اکسایا جا رہا ہے اور نفسیاتی دباؤ کا شکار کیا جا رہا ہے۔ روپے کی قدر عملاً ختم ہو چکی ہے۔

معیشت کا پہیہ جام ہو چکا ہے۔ پارٹی نوازی اور میرٹ کی پامالی نوجوانوں کے لئے روگ بن چکا ہے۔ 75 فیصد نوجوانوں کا مسئلہ بے روزگاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک و قوم کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ عوام پر مہنگائی کے بم گرائے جا رہے ہیں۔

عمران خان کی چرب زبانی، غرور و تکبر اب پاکستان کے لئے سکیورٹی رسک بن گیا ہے۔ حکومت آٹا، چینی، تیل چوروں اور مافیاز کی سرپرست بنی ہوئی ہے۔ حکمرانوں کی ترجیح اپنے مفادات کا تحفظ ہے۔

قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی یوتھ نے بروقت قومی اہمیت کا فیصلہ کیا ہے کہ نوجوان نسل کو مایوسی کی غار میں جانے سے روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان بیدار ہوں۔ اپنے حقوق چھیننے کے لئے توانا آواز بن کر کھڑے ہو جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جاگیرداروں اور سرمایہ داروں نے ہمیشہ نوجوانوں کو قومی منظر سے دور رکھنے کی سازشیں کی ہیں۔ بھٹو، نوازشریف کے بعد عمران خان نے بھی نوجوانوں کو دھوکہ دیا ہے۔

اٹھائیس نومبر کو پورے ملک کے نوجوانوں کا اسلام آباد میں باوقار مارچ ہو گا جو ایک بڑی تحریک کا نقطہ آغاز ہو گا۔

لیاقت بلوچ نے میڈیا سے اپیل کی کہ اس احتجاج میں نوجوانوں کے مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے ڈی چوک پر تمام اطراف سے جلوس آ کر اکٹھے ہوںگے۔