میرانشاہ(صباح نیوز) شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فوجی قافلے پر خودکش حملے میں 4 فوجی جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملے میں شہید ہونے والے جوانوں میں مانسہرہ کے رہائشی لانس نائیک شاہ زیب، عمر 22 سال، غزر کے رہائشی لانس نائیک سجاد، عمر 26 سال، کوہاٹ کے رہائشی سپاہی عمیر، عمر 25 سال اور نارووال کے رہائشی سپاہی خرم، عمر 30 سال) شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس ایجنسیوں نے خودکش حملہ آور اور اس کے سہولت کاروں کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے قافلے پر خودکش حملے کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے 4 جوانوں کی شہادت پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بزدلانہ حملے ملک کو دہشت گردی کی لعنت اور اس کے تمام مظاہر سے نجات دلانے کے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
صدر مملکت نے مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں میر علی کے علاقے میں فوجی قافلے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی وزیرِ ستان میں خودکش حملے کے نتیجے میں 4 جوانوں کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج ہوا۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک پوری قوم متحد ہو کر اس کا مقابلہ کرتی رہے گی۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہ ہو پائیں گے۔ دہشت گردی سے مقابلہ کرتے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان جوانوں کو مجھ سمیت پوری قوم خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ خدا تعالی شہدا کے درجات بلند کریں اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کریں۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پرخودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے فوجی جوانوں کی شہادت پر دکھ اورغم کااظہار کیا ہے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وطن کی خاطر جان دینے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ سکیورٹی فورسز ایسے بزدلانہ حملوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گی۔وطن کی حفاظت کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے وزیرستان میں فوجی قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے 4 جوانوں کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ شہدا کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے وزیراعلی پختونخوا نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی ،وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری ،وزیر دفاع خواجہ آصف ،امیرجماعت اسلامی سراج الحق سمیت سیاسی رہنمائوں نے واقعہ پراظہار افسوس کیا ہے۔