اوسلو(صباح نیوز) یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر تحریک کشمیر یورپ ناروے کے زیر اہتمام بھارتی سفارتخانہ ناروے کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں کشمیر پر بھارت کی ننگی جارحیت اور غاصبانہ قبضہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
مظاہرین نے بھارت کے خلاف مختلف بینرزاور کتبے آٹھا رکھے تھے اور مطالبہ کر رہے تھے بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام بند کرے کشمیر سے فوج نکل جائے انسانی حقوق کی پامالیوں کو بند کیا جائے، بھارت نے کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ حل کیا جائے
مظاہرین سے تحریک کشمیر یورپ ناروے کے صدر شاہ حسین کاظمی، پاک ناروے فورم کے صدر چوہدری وسیم شہزاد، تحریک کشمیر یورپ کے جنرل سکریٹری میاں محمد طیب، قاری پروفیسر ارشد محمود، کونسلر چوہدری خالد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل موجود ہے بھارت کی مسلسل ہٹ دھرمی اور عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کے نتیجے میں خطے میں پائی جانے والی کشیدگی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لیے مسلسل قربانیوں دے رہے ہیں دنیا کی توجہ مبذول کرائی جارہی ہے کہ بھارت پر سیاسی، سفارتی اور اقتصادی دباؤ ڈالا جائے کہ مسئلہ کو پُرامن طور پر حل کرے۔
مقررین نے کہا کہ 27 اکتوبر کو بھارت نے فوجی دراندازی کر کے کشمیر پر زبردستی قبضہ کیا کشمیریوں اسے قبول نہیں کیا 74 سال سے کشمیری آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں بھارت کے تمام تر مظالم اور فوجی دہشتگردی کے باوجودکشمیریوں کے عزم اور حوصلوں کو پست نہیں کر سکے بھارت کے مفاد میں یہی ہے کہ وہ اپنی فوج کو نکال کر کشمیریوں کے ساتھ کیے وعدوں کو پورا کرے مظاہرہ دن کے بارہ بجے قاری نور سیالوی کی تلاوت قران پاک سے شروع کیا گیا اور ڈاکٹر حامد فاروق کی دعا پر اختتام ہوا۔