ہمیں اپنے مستقبل کیلئے تیاری کرنے کی ضرورت ہے،عارف علوی


اسلام آباد (صباح نیوز)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے مستقبل کے لئے تیاری کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے دوسری سالانہ سائبر وار فیئر اینڈسکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں بڑی تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں،ہمیں اپنے مستقبل کے لئے تیاری کرنے کی ضرورت ہے، آج کے دور میں سائبر سکیورٹی کو انتہائی اہمیت حاصل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جدید کمپیوٹر سالوں کاکام دنوں میں مکمل کر لیتے ہیں، ملک میں ٹیکنالوجی پر کام کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، دنیا میں جنگوں کے میدان تبدیل ہو رہے ہیں، ہمارے تمام اداروں کو سائبر سکیورٹی کی ضرورت ہے، کانفرنس کے انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، ای وی ایم کو ہم نے سائبر حملوں سے محفوظ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کا مستقبل ٹیکنالوجی سے وابستہ ہے، ہم نے اپنے انسانی وسائل کو ہنر مند بنانا ہے۔