بھارت نے اظہار رائے سمیت کشمیریوں کے تمام حقوق چھین لیے ہیں،حریت کانفرنس


سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری مسلمانوں کو مودی حکومت کی ہندوتوا فسطائیت سے بچانے کے لیے آگے آئے۔ بھارت نے اظہار رائے کے حق سمیت کشمیریوں کے تمام حقوق چھین لیے ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی کی زیرقیادت فسطائی بھارتی حکومت کشمیریوں کواپنی بات کہنے کی بھی اجازت نہیں دے رہی ہے اوراس نے علاقے میں میڈیا کا بھی گھیرہ تنگ کررکھا ہے اورصحافیوں کو بلا وجہ ہراساں کیا جاتا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ، بارتیہ جنتا پارٹی، ویشوا ہندو پریشد اور شیو سینا جیسی ہندوتوا تنظیموں کا پوشیدہ ایجنڈا مسلم اکثریتی جموں و کشمیر میں ہندو فسطائیت کو ہوا دینا ہے۔بیان میں نشاندہی کی گئی کہ مودی حکومت بھارت کی پالیسی کو ہندوتوا کے مطابق تشکیل دینے کے لیے فوج اور پولیس کا استعمال کر رہی ہے۔

بیان میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ کشمیری مسلمانوں کو مودی حکومت کی ہندوتوا فسطائیت سے بچانے کے لیے آگے آئے۔بیان میں بھارتی وزیر اعظم کو یاد دلایا گیا کہ بندوقیں اور گولیاں کبھی بھی لوگوں کی امنگوں کو دبا نہیں سکتیں لہذا کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو بھی قتل، گرفتاریوں اور تشدد سے شکست نہیں دی جا سکتی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے کہا کہ کشمیری تمام مشکلات کے باوجود بھارتی قبضے کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں اور وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ جموں وکشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔