پاکستان کشمیریوں کے دلوں میں بستا ہے، بھارت یا کوئی بھی طاقت اس کو ختم نہیں کرسکتی،فریدہ بہن جی


سری نگر(صباح نیوز)مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماء و ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے 19 جولائی کوکشمیر کی تاریخ کا ایک سنہری لمحہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس روز کشمیری قیادت نے اتفاق رائے اپنے مستقبل کو پاکستان کے ساتھ جوڑا تھا ،جب پاکستان کا ایک ماہ بعد وجود میں آنا تھا ،پاکستان کشمیریوں کے دلوں میں بستا ہے اور بھارت یا کوئی بھی طاقت اس کو ختم نہیں کرسکتی

یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں فریدہ بہن جی نے کہاکہ قیام پاکستان سے ایک ماہ قبل منظور کی گئی انیس جولائی کی تاریخی قرارداد کشمیریوں کی پاکستان سے غیر مشروط محبت کا ثبوت ہے،کشمیری عوام شروع سے ہی پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور اس کاواضح ثبوت دنیا کے سامنے آچکا ہے کہ آٹھ لاکھ سے زائد قابض بھارتی افوا ج کی موجودگی میں بھی کشمیر ی عوام پاکستان کے قومی پرچم لہراتے ہیں اور اپنے شہداء کو پاکستان کے قومی پرچم میں دفن کرتے ہیں ، پاکستان کا 23 مارچ ہو یا چودہ اگست ہر سال کشمیر پاکستان ن کے ان قومی ایام کو بھرپور طریقے سے مناتے ہیں اور اپنے گھروں پر پاکستان کے پرچم لہراکر پاکستان سے اپنے بے پناہ دلی محبت کا اظہار کرتے ہیں جبکہ بھارت کا 26  جنوری ہو یا پندرہ اگست ہرسال کشمیری یہ دن یوم سیاہ کے طور پر بھارت سے اپنی نفرت کا اظہار کرتے ہیں اور دنیا پر واضح کرتے ہیں کہ وہ بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ تسلط کو کسی قیمت تسلیم نہیں کرتے

حریت رہنماء نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر جغرافیائی، تاریخی اور ثقافتی اور نسلی طور پر پاکستان کا حصہ تھی  اور اسی بنا ء پر کشمیریوںنے بھی ریاست کا پاکستان کے ساتھ متفقہ الحاق کیا تھا  لیکن بھارت نے 27. اکتوبر  1947 کوایک فریب اور دھوکے کے تحت اپنی افواج کشمیرمیں داخل کرکے غیرقانونی طریقے سے ہماری سرزمین پر قبضہ کیا  اور اس وقت سے اپنے جابرانہ اور غیرقانونی قبضے کو طول دینے کے لئے کشمیریوں کا قتل عام کرنے کے علاوہ ان پر ہرطرح کا ظلم وتشدد کررہا ہے

فریدہ بہن جی نے کہاکہ کشمیریوں کی اپنی جدوجہد میں مشالی قربانیاں ہیں ،قابض بھارتی فوج نے لاکھوں کشمیر یوں کو شہید کیا، لاکھوں افراد کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور انہیں معذور بنا دیا گیا جبکہ بھارتی قابض فوجیوں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روز کا معمول بن چکی ہیں

انہوں نے کہاکہ بھارت کے ظلم وتشد د یا ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور ان کے دلوں سے پاکستان کی محبت کو ختم نہیں کی جاسکتی ،بھارت کو حقیقت تسلیم کرتے ہوئے کشمیریوں کو اپنا بنیادی حق خود ارادیت دینا چاہیے جس کا وعدہ ان سے خود بھارت نے اقوام متحدہ کی قرارداوں میں کررکھا ہے انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کشمیری اپنے منزل کے حصول تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔۔