اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے نومنتخب صدر اور سابق سپیکرقانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) مسئلہ کشمیر پر پر کوئی سودے بازی نہیں کر نے دیگی، کشمیری عوام کی ہر خواہش کا احترام کر یں گے اور ن لیگ تقسیم کشمیر سمیت کشمیری عوام کی خواہشات کے خلاف ہر اقدام کا بھرپور مزاحمت کرے گی ،مقبوضہ کشمیرمیں پانچ اگست کے مودی سرکار کے یکطرفہ اقدامات سے پیدا ہونی والی صورتحال پر جلدآر پار کی قیادت کے ساتھ مل بیٹھ کر لائحہ عمل طے کریں گے،
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرکی نومنتخب قیادت کے ساتھ موجودہ صورتحال میں مل کرکام کر یں گے ، شاہ غلام قادر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر پاکستان شاخ دفتر کے دورے کے موقع پر قائدین حریت سے گفتگو کررہے تھے ،اس موقع پر جموں وکشمیر کونسل کے سابق ممبرسردار عبدالخالق وصی بھی ان کے ہمراہ تھے، مسلم لیگ (ن ) کے نومنتخب صدر شاہ غلام قادر نے پیر کو اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرپاکستان شاخ کے دفتر کا دورہ کیا اور حریت کانفرنس کے نومنتخب کنوینئر محمود احمد ساغر، جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنی طرف سے حریت قیادت کو تحریک آزادی کشمیر کے اس نازک اور فیصلہ کن مرحلے پر اپنی پارٹی کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ،
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف ،وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سمیت پارٹی قیادت کی ہمیشہ سے کشمیریوں کی جدوجہد میں دلچسپی رہی ہے اور مسلم لیگ(ن) اور ان کی حکومتی پالیسیوں میں کشمیر کا مسئلہ سرفہرست رہا ہے ،اس موقع پر انہوں نے دورہ لندن کے دووران پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف سے اپنی ملاقات کا تدکرہ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کشمیر کے حوالے سے خاص کر پانچ اگست 2019کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ قدامات پر کافی فکر مند ہیں اور انہوں نے سب سے پہلے مجھے کشمیر کی صورتحال کے بارے پوچھا،
سابق سپیکر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی نے کہا کہ کہ کل جماعتی حریت کانفرنس جموں کشمیر کے محکوم عوام کے اجتماعی جذبات، جدوجہد، مصائب اور قربانیوں کی نمائندگی کرتی ہے اور کشمیر کے عام لوگوں میں اسے ایک اعلی مقام حاصل ہے،ہم کشمیر کی ناز ک اور تکلیف دہ صورتحال سے بخوبی آگاہ ہیں اس وقت گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی جو کوششیں ہورہی ہیں اس حوالے سے کہیں ن کہیں دباو کا بھی سامنا ہے لیکن مسلم لیگ (ن) کا موقف ہمیشہ ریاست جمو ں وکشمیر کی تقسیم کے خلاف بالکل واضح ہے ،ہم گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے حامی ہیں اور وہی حقوں انہیں میسر دیکھنا چاہتے ہیں جو آزاد کشمیر کے عوام کو حاصل ہیں لیکن اگر اس حوالے سے جموں وکشمیر کی متازغہ حیثیت پر کوئی منفی اثر پڑتا ہو یا تقسیم کشمیر کی کوئی راہ ہموار ہو تو مسلم لیگ (ن) اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کرے گی ،
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ نازک صورتحال سے وہ آزاد کشمیراور مقبوضہ کشمیر کی قیادت سے جلد مل بیٹھ کے ایک مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کی کوشش کریں گے ، انہوں نے حریت کانفرنس کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئے عہدیداران کشمیر کاز کے لیے انتھک اور خلوص سے کام کریں گے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے سیاسی اور سفارتی محاذوں پر ہر ممکن اقدام کریں گے۔
اس موقع پر حریت کانفرنس کے نومنتحب کنوینئر محمود احمد ساغر نے مسلم لیگ نون کے صدر شاہ غلام قادر کو آزاد کشمیر میں مسلم لیگ(ن) کا صدر بننے پر مبارکباد دی اور اور حریت دفتر کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شاہ غلام قادر کا تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے نمایاں کردار ہے جنھوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو عالمی فورموں پر اجاگر کرنے کے لئے ان تھک کوششیں کیں اور آج بھی کشمیرکے حوالے سے سفارتی اور سیاسی محاز پر سرگرم ہیں، محمود احمد ساغر نے کہا کہ کشمیر کی تحریک اس وقت ایک نازک مرحلے پر کھڑی ہے جب بھارت پانچ اگست2019 کے یکطرفہ اقدامات کے بعد جی ٹونٹی ممالک کا ایک اجلاس کشمیر میں کرانے کی تیاریاں شروع کرچکا ہے جوکہ ایک متنازعہ ریاست میں بھارت کی جانب سے یواین قراردادوں کی ایک اور خلاف ورزی ہے شاہ غلام قادر کی قیادت میں آزاد کشمیر کی قیادت متحدہوکر اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی آواز بنے گی ،
اس موقع پر حریت کانفرنس کے دیگر قائدین غلام محمد صفی، سید یوسف نسیم،محمد فاروق رحمانی ،فیض نقشبندی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شاہ غلام قادر کو پارٹی صدر بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت کا شاہ غلام قادر پر اعتماد دراصل کشمیریوں پر ایک واضح اعتمادہے اور کشمیری قیادت شاہ غلا م قادر کے ساتھ مل کر مسلم لیگ کی قیادت کے اعتماد کا مان رکھے گی ، انہوں نے شاہ غلام قادر کی کشمیر کے حوالے سے سیاسی اور سفارتی سطح پر کوششوں کو سراہاتے ہوئے امید ظاہر کی کہ شاہ غلام قادرکشمیریوں کی جدوجہد اور کشمیرکے مسئلے کو عالمی فورموں میں اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی مدد کے لئے پارٹی سطح پر قائدانہ اور موثر کردار اداء کریں گے ،
اس سے قبل حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری شیخ عبدالمتین نے حریت کانفرنس کے نئے عہدیدار وں کا تعارف کرتے ہوئے شاہ غلام قادر کو پارٹی صدر بننے مبارکباد دی اور حریت کانفرنس کے دفتر کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا، آخر میں حریت رہنماء محمد یاسین عطائی کی والدہ کی وفات اور شہدا کشمیر اور کشمیر کی جلد آزادی کے لئے خصوصی دعا ء کی گئی