اسلام آباد(صباح نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس( اے این ایف) راولپنڈی اور اے این ایف انٹیلی جنس کی اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر 2 الگ الگ کارروائیوں میں کروڑوں کی منشیات برآمد ہوئی ہے۔
اے این ایف حکام کے مطابق ترکی سے براستہ دوحہ پاکستان آنے والے صوابی کے رہائشی محمد فواد نامی ملزم کے ٹرالی بیگ سے 2 کلو 452 گرام کوکین برآمد ہوئی، برآمد شدہ کوکین ٹرالی میں موجود لیڈیز پرس اور ٹرالی کی تہہ میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھی۔
دوسری کارروائی میں نائیجیرین باشندے کو شک کی بنا پر اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے حراست میں لیا گیاتاہم دورانِ تفتیش ملزم نے اپنے پیٹ میں منشیات بھرے کیپسولز کی موجودگی کا اعتراف کرلیا، ملزم کو ہسپتال منتقل کر کے اس کے پیٹ سے 5 منشیات بھرے کیپسولز برآمد کر لئے گئے، گرفتار ملزم کی شناخت چکووجیکوو ایکیجی کے نام سے ہوئی۔اے این ایف حکام نے کہا کہ ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ۔