گلگت،بلتستان کے عوام نے جہاد اور عظیم قربانیوں کے ساتھ خطہ آزاد کرایا، لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز) نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ گلگت،بلتستان کے عوام نے جہاد اور عظیم قربانیوں کے ساتھ خطہ آزاد کرایا، گلگت-بلتستان تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے بہت اہم، حساس سٹریٹیجک اہمیت کا حامل بیس کیمپ ہے۔ آزادی کشمیر کے لئے 1913 سے جموں و کشمیر کے عوام لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔ ریاستِ جموں و کشمیر کو ٹکڑوں میں تقسیم کرکے مسئلہ کو غائب کردینا آزادی دشمنوں کا مشترکہ ایجنڈا ہے۔ بھارت بدمعاش ریاست کا روپ اختیار کرچکا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر پر ہندوستان کا قبضہ ناجائز اور سراسر ظلم اور غنڈہ گردی ہے۔ فاشسٹ ہندوستان کے مقابلہ میں آزاد کشمیر، گلگت،بلتستان، مقبوضہ وادی کشمیر اور جموں کے عوام کو ایک اکائی اور یک جان دو قالب، جسدِ واحد کی حیثیت سے مزاحمت کرنی ہے اور غلامی کی زنجیریں توڑنی ہیں۔

گلگت،بلتستان ملی یکجہتی کونسل کے سرپرست سید سرور شاہ، صدر شیخ مرز علی، جنرل سیکرٹری مشتاق احمد ایڈووکیٹ، نائب صدر مولانا عبدالعلیم سے ملاقات میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ آزاد کشمیر، گلگت،بلتستان کے عوام کے ساتھ دھوکے بازی بند کی جائے؛ سیاسی، جمہوری، آئینی حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انصاف، قانون، برابری کی بنیاد پر مثبت، متوازن رویے ریاستِ جموں و کشمیر، گلگت-بلتستان کا بنیادی انسانی حق ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت-بلتستان کے زمینی رابطہ کے لیے ٹنل تعمیر کی جائے۔ اس مقصد کے لیے اسلام آباد خصوصی فنڈز مہیا کرے۔ گلگت-بلتستان کے عوام کے درمیان پائی جانے والی بے اعتمادی کی خلیج ختم کی جائے۔ معاشی، اقتصادی، روزگار سے متعلق مسائل حل کیے جائیں۔ عوام کو فوڈ سیکیورٹی سمیت دیگر بحرانوں سے نجات دلائی جائے۔ اسلام آباد میں حکمران، پالیسی ساز ادارے آزاد کشمیر، گلگت-بلتستان کے عوام کے حقوق کو سیاست کی نذر نہ کیا جائے۔ بے گناہ لوگوں کو رہا کیا جائے۔ عدالتی انصاف سے محروم جیلوں میں بند افراد کو مقدمات کی سماعت کا حق دیا جائے۔ آزادی کشمیر کے لیے قومی حکمتِ عملی بنائی جائے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کو یک آواز کیا جائے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ مسلم لیگ اور پی ٹی آئی انتخابات میں من پسند نتائج چاہتی ہیں۔ انتخابی ضابطہ اخلاق اور بااختیار الیکشن اِن کے لیے ناقابلِ برداشت ہے۔ عمران خان اور مریم نوا ز نے پنجاب کے ضمنی انتخاب کے جلسوں میں تقاریر کے ذریعے سیاسی، جمہوری، انتخابی عمل میں زہرگھول دیا ہے۔ پی ٹی آئی، پی ڈی ایم مسائل کا حل نہیں، عوام کیل یے عذاب ہیں۔ عوام جماعتِ اسلامی کا ساتھ دیں، سیاست میں شائستگی، ذمہ داری اور عوامی مفادات کا تحفظ آئے گا۔