مسافر بس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر سڑک کنارے الٹ گئی، خاتون سمیت تین افراد جاںبحق،11افراد زخمی


ڈیر ہ اسماعیل خان(صباح نیوز) بین الصوبائی شاہراہ ڈیرہ ژوب روڈ پر ضم شدہ قبائلی تحصیل درازندہ میںپرواڑہ کے قریب کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر سڑک کنارے الٹ گئی، خاتون سمیت تین افراد جاںبحق،11افراد زخمی، ریسکیو 1122 سٹیشن55کی میڈیکل ٹیم نے زخمیوں کو جائے حادثہ پر ہی ابتدائی طبی امداد مہیا کر کے ہسپتال منتقل کر دیا،

ریسکیو1122 ریکوری ٹیم کا بس میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری۔

ترجمان ریسکیو1122اعزاز محمود کی جاری رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے سنگم پر واقع ضم شدہ قبائلی تحصیل درازندہ میںپرواڑہ کے قریب بین الصوبائی شاہراہ ڈیرہ ژوب روڈ پر کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث خطرناک پہاڑی موڑ پر ڈرائیور سے بے قابو ہوکر سڑک کنارے الٹ گئی۔

حادثے کی اطلاع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسکیوآفیسر1122 کمال شاہ کی ہدایت ریسکیو1122سٹیشن55کی میڈیکل اور ریکوری ٹیم فوری رسپانس کرتے ہوئے جائے حادثہ پر پہنچی ۔ ترجمان ریسکیو1122 کے مطابق حادثے میں خاتون سمیت3افراد جاں بحق جبکہ11افراد زخمی ہوئے،

زخمیوں کو ریسکیو1122سٹیشن55کی میڈیکل ٹیم نے جائے حادثہ پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہمی کے بعد ہسپتال منتقل کردیا جبکہ ریسکیو1122ریکوری ٹیم بس میں پھنسے دیگر مسافروں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے۔