انڈونیشیا میں اژدھے کا پیٹ کاٹ کر لاپتہ خاتون کی لاش نکال لی گئی


جکارتہ(صباح نیوز) انڈونیشیا میں 3 روز قبل لاپتہ ہونے والی خاتون کی لاش اژدھے کا پیٹ کاٹ کر نکال لی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 6 جون کو فریدہ نامی خاتون کھانے پینے کی چیزیں فروخت کرنے کے لیے اپنے گاؤں سے قریبی مارکیٹ کی طرف نکلی تھی جس کے بعد وہ واپس نہیں لوٹی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق خاتون کے 55 سالہ شوہر نے اہلیہ کے گھر نہ لوٹنے پر رات کو گاؤں والوں کو اطلاع دی جس کے بعد لوگوں نے خاتون کو ڈھونڈنا شروع کیا۔ اگلے دن اژدھے کو پھولے ہوئے پیٹ کے ساتھ دیکھا گیا تو لوگوں کو شک ہوا جبکہ خاتون کی چیزیں بھی قریب سے ملنے پر لوگوں کا شک و شبہ مزید گہرا ہو گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق لوگوں نے 20فٹ لمبے اژدھے کو پکڑ کر اس کا پیٹ کاٹنا شروع کیا تو خاتون کی لاش کا سر دکھنے لگا جس کے بعد دیکھا گیا کہ خاتون کی لاش پورے کپڑوں کے ساتھ اس کے پیٹ میں موجود ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اژدھے کا پیٹ کاٹ کر خاتون کی لاش کو باہر نکالا گیا جس کے بعد اسے کپڑے میں لپیٹ کر آخری رسومات کے لیے منتقل کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اژدھے نے خاتون کے پیروں میں دانت گڑائے جس کے بعد خاتون کے جسم کے ساتھ لپٹ کر اسے دبوچ کر اس کی سانسیں روک دیں اور پھر خاتون کو نگل گیا تھا۔