سندھ میں بارشوں کے باعث تباہی ، 26 افراد جاں بحق


کراچی(صباح نیوز) صوبہ سندھ میں شدید بارشوں کے باعث شہری اور دیہی علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے ،جبکہ روشنیوں کا شہر مسلسل بارشی پانی میں ڈوبا ہوا ہے، پراونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبہ سندھ میں 20 جون سے 10 جولائی کے عرصے میں بارش کے دوران مختلف واقعات میں 26 افراد جاں بحاں بحق ہوگئے ہیں۔ اس حوالے سے پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اسی عرصے میں زخمیوں کی تعداد 11 ریکارڈ کی گئی۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں کراچی میں ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ کراچی میں بارش کے دوران حادثات میں 14 افراد جاں بحق ہوئے، ان میں سے 6 کا تعلق ضلع شرقی اور 4 کا کورنگی سے تھا۔

  علاوہ ازیں پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ضلع وسطی، ضلع جنوبی، ضلع غربی اور ملیر میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق سندھ کے ضلع ٹھٹہ میں 9، خیرپور میں 2 اورسکھر میں ایک شخص بارشوں کے دوران مختلف حادثات کے باعث جاں بحق ہوا۔شہر قائد میں عید الاضحی کے دوسرے روز بھی مسلسل موسلادھار بارش کے باعث شہر کے بیشتر علاقے ڈوب گئے، اہم شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنی لگیں اور نظام زندگی معطل ہوگیا، سب سے زیادہ بارش ڈیفنس میں 233 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔تازہ رپورٹس کے مطابق  کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے شروع ہونے والا موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے دوپہر کے اختتام تک جاری رہا جس کے سبب کراچی میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے اندازے پھر غلط ثابت ہوگئے، عید پر ہلکی بارش اور پھوار کی پیشگوئی درست ثابت نہ ہوسکی، غیر معمولی مون سون بارشوں کے سبب آدھا شہر اربن فلڈنگ کی نذر ہوگیا، کئی علاقے ڈوب گئے، ملیرندی سمیت مضافاتی علاقوں کے قریب رہائش پذیرآبادی کو نقل مکانی کرنا پڑی، شہر کی کئی مرکزی اور ذیلی شاہراوں پر کئی کئی فٹ پانی نے معمولات زندگی کو مفلوج کردیا۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں جمعرات سے مزید تیز بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کا ایک اور مضبوط سسٹم شہر قائد کی جانب رواں دواں ہے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ حالیہ بارشوں کے سسٹم کا پھیلا کراچی اور زیریں سندھ پر اب بھی موجود ہے، شہر میں کبھی تیز اور کبھی معتدل بارش ہورہی ہے۔چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق 14 جولائی کی شام سے ایک اور سسٹم سندھ میں داخل ہونے کی توقع ہے، مون سون بارشوں کا سبب بننے والا نیا سسٹم 18 جولائی تک اثرانداز رہے گا۔