معروف سیاست دان طاہر مشہدی انتقال کر گئے


کراچی (صباح نیوز) سابق سینیٹر اور پیپلز پارٹی کے رہنما طاہر مشہدی کراچی میں انتقال کر گئے ۔ انہوں نے سوگواران میں اہلیہ، تین بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑے ہیں۔اہل خانہ کے مطابق طاہر مشہدی کچھ عرصے سے علیل تھے۔

انہوں نے ایم کیو ایم کو خیر آباد کہنے کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔پاکستان پیپلزپارٹی سے قبل سابق سینیٹر کرنل (ر) طاہر مشہدی کچھ عرصے تک پاکستان مسلم لیگ نواز (ن) سے بھی وابستہ رہے۔اہل خانہ کے مطابق طاہر مشہدی کچھ عرصے سے بیمار تھے تاہم جمعہ کی رات وہ  انتقال کرگئے۔ اہل خانہ کا مزید کہنا ہے کہ طاہر مشہدی کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر ملیر کینٹ امام بارگاہ میں ادا کی جائے گی۔سابق سینیٹر طاہر مشہدی نے مارچ 2018 میں متحدہ پاکستان میں دھڑے بندی اور سیاست کے طریقہ کار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایم کیو ایم سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔

کرنل ریٹائرڈ طاہر حسین مشہدی نے پاک بھارت جنگ کے دوران 1970 میں پاک افواج میں شمولیت اختیار کی اور سال 1971 میں پاکستان ملٹری اکیڈمی سے گریجویشن کرتے ہوئے سیکنڈ لیفٹیننٹ کے طور پر کمیشن حاصل کیا۔1971 کی پاک بھارت جنگ کے دوران، طاہر مشہدی اس وقت کے مشرقی پاکستان میں تعینات ہوئے، اس دوران ان کے علاقے میں بھارتی کی جانب سے متعدد بڑے فضائی حملے بھی کیے گئے۔ جنگ کے اختتام پر انہیں جنگی قیدی بنا کر 1974 میں واپس بھیج دیا گیا۔

وہ پاکستان آرمی سے بحیثیت کرنل رینک پر ریٹائر ہوئے۔طاہر حسین مشہدی سال 2012 سے سال 2018 تک سینیٹر بھی رہے۔ وہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور استحقاق اور قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سمیت مختلف سینیٹ کی کمیٹیوں کے چیئرمین کے طور پر کام کرتے رہے۔ انہوں نے ثقافت، کھیل اور نوجوانوں کے امور اور سیاحت کی قائمہ کمیٹی اور دیگر وزارتوں میں بھی خدمات انجام دیں۔طاہر مشہدی نے بی ایس سی آرنرز اور کوئٹہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج سے پی ایس سی کی ڈگری بھی حاصل کی۔