شہباز شریف عوام کو جلد پٹرولیم قیمتوں پر بڑا ریلیف دینگے،مریم نواز


 شیخوپورہ(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام جانتی ہے مہنگائی عمران خان کی وجہ سے ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل سمیت دیگر قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف عوام کو آنے والے چند مہینوں میں پٹرولیم مصنوعات پر بہت بڑا ریلیف دینگے۔  عمران خان! سن لو، تم کچھ بھی کر لو نواز اور شہباز شریف غریب عوام کا گھر روشن کریں گے، تمہارے چودہ طبق بھی روشن کریں گے، عمران خان نے مسلم لیگ ن پر جھوٹے الزامات لگائے،پنجاب کے عوام 17 جولائی کو ان کی سیاست دفن کرنے جا رہے ہیں۔ طیبہ گل آج کل روز ٹی وی پر آکر روتی ہے، وہ عمران خان کے پاس انصاف کیلئے گئی، عمران خان نے اس کی ویڈیو رکھ لی، ویڈیو کے ذریعے چیئرمین نیب کو بلیک میل کرنا شروع کردیا، اس کے بعد پی ٹی آئی والوں کیخلاف مقدمے ختم ہوگئے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے شیخوپورہ کے حلقے پی پی 140 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ میں یہاں کی عوام کودونوں ہاتھوں سے سلام کرتی ہوں، جتنی محبت مجھے اس گرمی کے باوجود  شہر نے دی ہے میرا بس نہیں چل رہا میں عوام میں آ جاوں۔ یہاں جذبے دیکھ کر لگتا ہے کہ 17 جولائی کو شیر واپس آ رہا ہے۔ عوام کا جم غفیر گراونڈ کے باہر موجود ہے۔ میاں خالد محمود کو مبارکباد دیتی ہوں ، اس حلقے سے آپ الیکشن جیت چکے ہیں۔ عمران خان یہاں سے چھوٹا سے جلسہ کر کے گیا، بتانا چاہتی ہوں یہ شہر مسلم لیگ ن کا ہے۔

 مریم نواز نے کہاکہ عمران خان بتا نہیں سکتا گزشتہ چار سال میں کوئی کام نہیں کیا، آج کل وہ ٹی وی پر وہ آکر ڈیڑھ ڈیڑھ گھنٹہ جھوٹ بول کر چلا جاتا ہے لیکن ڈیڑھ گھنٹے میں ڈیڑھ منٹ بھی نہیں بتا سکتا کہ پنجاب والو! میں نے آپ کی کیا خدمت کی ہے؟ گالیاں نکالنے والے کو اس سے بڑی گالی کیا ہوگی کہ وہ چارسال میں اپنے چار کام نہیں بتا سکتا؟یہ ہمارے نام بدل کر پکارتا ہے، یہ ہمیشہ جھوٹ بولتا ہے۔  ہم نے اڑھائی ماہ میں بہت کام کیے، لیکن عمران خان نے چار سال میں ایک کام نہیں کیا، مہنگائی ضرور ہے، اپنی کمپین شروع کرنے لگی تو لوگوں نے کہا عمران خان کی وجہ سے ہمیں مہنگائی کرنی پڑی، آئی ایم ایف کے معاہدے کے باعث  پٹرول سمیت مہنگائی بڑھی، ن لیگ کیلئے عوام کی شفقت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ پنجاب آج بھی شیر کے پاس کھڑا ہے، عوام جانتی ہے مہنگائی عمران خان کی وجہ سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ پی ٹی آئی نے کیا تھا۔ مشکل جتنی بھی بڑی ہوں، نواز شریف، شہباز شریف سمیت مسلم لیگ ن بحرانوں سے نکالے گی۔عوام کی امید کبھی ٹوٹنے نہیں دینگے۔ مریم نواز نے کہا کہ حمزہ شہباز نے پنجاب کی عوام کو سو مفت یونٹ کا تحفہ دیا، خیبرپختونخوا کی عوام کو مفت بجلی دینے کے بجائے یہ عدالت چلا گیا، عوام کو ریلیف مل رہا ہے اس کے خلاف یہ عدالت چلا گیا ہے، عمران خان پنجاب کی دشمنی میں بہت حد تک آگے نکل گیا ہے اور اس نے ظلم کروا کر ختم کروا دیا، عوام اسے معاف نہیں کرے گی، 17 جولائی تک نہ صحیح 17 جولائی کے بعد پنجاب کے عوام کی بجلی مفت کریں گے۔  مریم نواز نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل سمیت دیگر قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں، شہباز شریف عوام کو آنے والے چند مہینوں میں پٹرولیم قیمتوں پر بہت بڑا ریلیف دینگے۔فتنہ خان شہباز شریف آپ کے چودہ طبق روشن کرے گا۔ 75 سال بعد یہ پہلا وزیراعظم ہے جس کے اپنے لوگوں نے اسے مار مار کر عہدے سے فارغ کروایا ہے۔

ن لیگ کی نائب صدر نے مزید کہا کہ میاں خالد محمود کو ووٹ دینا، یہ شیر کا امیدوار ہے، اس نے پنجاب کا مینڈیٹ آپ کو واپس دلوایا اور اپنی سیٹ کی پرواہ نہیں کی۔ فتنہ خان کو پتہ ہے کہ اگلے سال تک ہماری حکومت رہی تو مہنگائی کم ہو جائے گی، معیشت ٹھیک ہو جائے گی، حالات ٹھیک ہو جائینگے، ان کی سیاست ختم ہو جائے گی، مسلم لیگ ن  اپنی عوام کو تکلیفوں سے نکلوائے گی۔ انشا اللہ مسلم لیگ ن چند مہینوں میں عوام کو بحرانوں سے نکالے گی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ  لوگوں کے منہ سے جو نوالہ تم نے چھینا ہے پنجاب تمہیں معاف نہیں کرے گا، یہ پنجاب کے جس حلقے میں ووٹ مانگنے جائیں اس سے پوچھنا پنجاب سے دشمنی کیوں کی؟

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے صرف پنجاب کے لیے نہیں پورے پاکستان کیلئے آٹا سستا کیا، شیر پر بھروسہ رکھنا مہنگائی میں کمی ہوگی۔ عمران خان! سن لو، تم کچھ بھی کر لو نواز اور شہباز شریف غریب عوام کا گھر روشن کریں گے، عمران خان نے مسلم لیگ ن پر جھوٹے الزامات لگائے،پنجاب کے عوام 17 جولائی کو ان کی سیاست دفن کرنے جا رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے مزید کہا کہ طیبہ گل آج کل روز ٹی وی پر آکر روتی ہے، وہ عمران خان کے پاس انصاف کیلئے گئی، عمران خان نے اس کی ویڈیو رکھ لی، ویڈیو کے ذریعے چیئرمین نیب کو بلیک میل کرنا شروع کردیا، اس کے بعد پی ٹی آئی والوں کیخلاف مقدمے ختم ہوگئے۔