اسلام آباد(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا نے کہا ہے جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے تحت مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف 28نومبر کو اسلام آباد میں عظیم الشان احتجاجی دھرنا ہوگا ، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی سراج الحق کریں گے ، ملک میں مہنگائی ،بے روزگاری کا سونامی حکمرانوں کو اپنے ساتھ بہا کر لے جائے گا، انھوں نے کہا پڑھے لکھے نوجوان اپنے ہاتھوں میں ڈگریاں پکڑے در در کے دھکے کھا رہے ہیں ، ان کے لیے کوئی روزگار نہیں۔ نوجوان نسل میں مایوسی پھیل رہی ہے ، غربت کو عوام کا مقدر بنادیا گیا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے عہدے داران سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا ۔نصر اللہ رندھاوانے کہا ملک میں مہنگائی کے طوفان نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے ،عوام چند نوالوں کے لیے ترس گئے ہیں ، پی ٹی آئی حکومت نے اپنے نعروں اور وعدوں کے بر عکس طرز حکمرانی شروع کررکھا ہے ، ایسے میں ضروری ہوگیا ہے کہ ملک میں قرآن و سنت کا نظام کا نفاذ ہو ،لوگوں کے تمام دکھوں کامداوا اسلامی نظام کے نفاذ میں پوشیدہ ہے ،
انھوں نے کہا قوم آئندہ انتخابات میں ظالموں کا ساتھ نہ دے اور اپنے حقوق کے لیے بلاخوف آواز بلند کرے۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ ہماری جدوجہد اور محنت کا مقصد ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔اقتدار میں آکر انشااللہ ملک کو عظیم بنائیں گے۔ جماعت اسلامی عدالتوں میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کرے گی اور ملک کو سود کی لعنت سے نجات دلائے گی۔ نوجوانوں کو روزگار دیا جائے گا اور ملکی وسائل عوام پر خرچ کریں گے ۔