مردان ،سوات (صباح نیوز)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈائون کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع مالاکنڈ سوات موٹروے کے قریب ناکہ بندی کرتے ہوئے 500 لیٹر سے زائد ناقص دودھ تلف کردیا گیا ۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی حکام نے کہا کہ دودھ کے نمونوں کو موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے چیک کیا گیا، پانی کی ملاوٹ پر دودھ تلف کیا گیا۔
فوڈ سیفٹی اتھارٹی حکام نے بتایا کہ پانی کی ملاوٹ پر ڈی آئی خان میں ڈیری شاپ سے 200 لیٹر سے زائد ناقص دودھ تلف کیا گیا جبکہ مردان میں دودھ میں پانی کی ملاوٹ ثابت ہونے پر تین ڈیری شاپس سیل کردی گئیں۔
فوڈ سیفٹی اتھارٹی حکام کا کہنا تھا کہ ناقص صفائی پر ٹانک اور بونیر میں ایک ایک بیکری یونٹ سیل کردیا گیا جبکہ دیر لوئر میں عید سے قبل بیکری یونٹس پر معائنے، فوڈ سیفٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کئے گئے۔