جماعت اسلامی بیس کیمپ کی خوشحالی اور کشمیرکی آزادی کے لیے جدوجہد کررہی ہے، ڈاکٹر خالد محمود خان


سماہنی(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ رشید بیگ مرحوم نے اپنی ساری زندگی غلبہ دین کی جدوجہد میں صرف کی ،اقامت دین اور اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لیے سماہنی کی ایک ایک بستی میں جماعت اسلامی کی دعوت کو پہنچایا ،اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کے قیام اور غلبے کی جدوجہد ان کی زندگی کا مشن تھا ،جماعت اسلامی ان کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ،ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیاں دے کر یہ خطہ آزاد کروایا تھا ان کا خواب یہ تھا کہ یہاں اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام قائم ہو بقیہ کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کی جائے بزرگوں کے ادھورے مشن کی تکمیل ہم سب پر فرض اور قرض ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے رکن جنرل کونسل رشید بیگ مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی ضلع بھمبر فرید چوہدری،پروفیسر فخرالدین سمیت دیگر راہنمائوں نے خطاب کیا ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ رشید بیگ مرحوم کو بہترین انداز میں خراج تحسین یہ ہے کہ ان کے مشن کو جاری رکھا جائے حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کے قیام اور غلبے کی جدوجہد کی جائے نوجوانوں کے مسائل کو حل کیا جائے انہیں اسلامی تعلیمات کی جانب راغب کیا جائے اپنے گھروں میں قرآن وسنت کا ماحوم پروان چڑھایا جائے انہوں نے کہ مغربی تہذیبی یلغار کا ہدف ہمارے نوجوان ہیں نوجوانوں کے سیرت و کردار کی تعمیر کے لیے والدین گھروں میں ایسا ماحوم بنائیں تا کہ قوم کے معمار تابناک مستقبل کے امین بنیں۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی بیس کیمپ کی خوشحالی اور کشمیرکی آزادی کے لیے جدوجہد کررہی ہے عوام جماعت اسلامی کے دست وبازو بنیں تا کہ غلبہ دین کی اس تحریک کو منزل سے ہمکنار کیا جائے اور بقیہ کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کی جائے ۔