اسلام آباد(صباح نیوز)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کمیونٹی مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں 5اگست2019کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے بعد سے وہاں ظلم وبربریت میں بے انتہا اضافہ کر دیا ہے اور وہ مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کر رہے ہیں اسی طرح وہاں پر حلقہ بندیاں تبدیل کر کے ایک ہندو وزیراعلی کو لانے کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ لہذا عالمی برادری اس کا فوری نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کے لئے بھارت پر دبا ڈالے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ یہاں ایوان صدر کشمیر ہاس اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے پولیٹیکل قونصلرایرک اینڈریسن اور پولیٹیکل آفیسر ڈیوڈ ماروسے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔
اس موقع پر صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے امریکی سفاتکاروں کو مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔
صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے یورپ اور یورپی پارلیمنٹ سے بھی کہا ہے کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ لہٰذا مہذہب معاشرے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کے لئے اپنا رول ادا کریں۔