اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم کا جگلوٹ سکردو روڈ بلاک ہونے کا نوٹس،بند شاہراہ فوری کھولنے کی ہدایت، وزیراعظم نے ڈی جی ایف ڈبلیو او کو ہدایت کی کہ اضافی مشینری اور افرادی قوت استعمال کریں ، راستہ جلد کھولا جائے،ملکی وغیر ملکی سیاحوں کی دیکھ بھال اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے فوری انتظامات کیئے جائیں۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے جگلوٹ سکردو روڈ(جے ایس آر)کے بلاک ہونے کا نوٹس لے لیا،وزیراعظم نے لینڈسلائیڈنگ سے تورمک کے مقام پر بند شاہراہ فوری کھولنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) ہنگامی اقدامات اٹھائے، ڈی جی ایف ڈبلیو او کو ہدایت کی کہ اضافی مشینری اور افرادی قوت استعمال کریں ، راستہ جلد کھولا جائے، وزیراعظم نے ملکی وغیر ملکی سیاحوں کی دیکھ بھال اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے فوری انتظامات کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ سیاحوں کی آمد سے گلگت بلتستان میں اشیائے ضروریہ کے استعمال میں اضافہ ہوجاتا ہے لہذا اشیاکی قلت نہ ہونے دی جائے،
وزیراعظم شہباز شریف نے علاقے کے کاروباری حضرات ، آبادی اور سیاحوں کو درپیش مشکلات فوری دور کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عیدالاضحی کی وجہ سے لوگوں نے اپنے گھروں کو بھی لوٹنا ہے، اس لئے کام کی رفتار تیز کی جائے۔ واضح رہے کہ شدید بارشوں اور پہاڑی تودے گرنے سے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 6 دن شاہراہ بند تھی، جگلوٹ سکردو روڈ گلگت بلتستان کو تیل اور کھانے پینے کی اشیاکی فراہمی اور آمدورفت کا واحد زمینی راستہ ہے۔ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سیاح مختلف پروازوں کے ذریعے گلگت بلتستان آرہے ہیں، گلگت بلتستان کے ہوٹلز اور سیاحت کے شعبے سے وابستہ افراد نے وزیراعظم سے شاہراہ کی طویل بندش پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔