اعجاز چوہدری کی سعد رضوی سے ملاقات


لاہور(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر و سینیٹر اعجاز چوہدری سربراہ ٹی ایل پی سعد رضوی سے ملاقات کیلئے مسجد رحمت اللعالمین ۖ پہنچے جہاں انہوں نے خادم حسین رضوی کے مزارپرحاضری دی اورفاتحہ خوانی کی۔

بعدازاں اعجاز چوہدری نے سعد رضوی کو ملاقات میں گلدستہ پیش کیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اعجاز چوہدری کا کہنا تھاکہ سعد رضوی کو رہائی پرمبارکباد دینے اور گلدستہ پیش کرنے آیا ہوں۔

ان کا کہنا تھاکہ سعد رضوی سے خیرسگالی کے طور پرملنے کیلئے آیا ہوں، ہماری ذمہ داری ہے ایسی لیڈرشپ سے رابطے میں رہیں جو دوسروں سے مختلف ہے، ریاست کی ذمہ داری ہے عوام سے ایساتعلق رکھے جس سے اتفاق رائے پیدا ہو۔

اعجازچوہدری کا کہنا تھاکہ میں نے تحریک لبیک کے ساتھ معاہدے پراطمینان کا اظہارکیا تھا، معاہدے پرعملدرآمد ہوگیا ہے، اس لیے سعد رضوی سے ملنے آیا ہوں۔اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ وزیراعظم عمران خان کی اجازت سے سعد رضوی سے ملے؟

اس پر سینیٹر کا کہنا تھاکہ میں عمران خان کی اجازت کے بغیر کبھی کسی سے نہیں ملتا۔ان سے وزیر اعظم عمران خان اورسعدرضوی کی ملاقات سے متعلق بھی پوچھا گیا جس پر اعجاز چوہدری کا کہنا تھاکہ ایسی ملاقات قبل ازوقت ہے۔