شمالی وزیر ستان ،تحصیل شیواہ کے میسمون خیل قبیلے کا احتجاجی مظاہرہ،انسداد پولیومہم کا بائیکاٹ


بنوں(صباح نیوز)شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ کے میسمون خیل قبیلے نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے انسداد پولیومہم کا بائیکاٹ کا اعلان کردیا اُنہوں نے دھمکی دی کہ جب تک ہمارے جائز مطالبات نہیں مانے جاتے تب تک ہمارا دھرنا اسلام آباد پریس کلب کے سامنے جاری رہے گا،

احتجاجی مظاہرے سے ملک محمد نور،ملک مدا خان،سمیع اللہ،ملک وزیر محمد،ملک اول خان و دیگر نے خطاب کیا

مقررین نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گیس اور تیل کی دریافت اور ہماری ہزاروں ایکڑ زمین کے بدلے میسمون خیل قبیلے کو مراعات دی جائیں اور میسمون خیل اور کابل خیل قبیلے کو مفت گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس میں ہماری میسمون خیل قوم کے باشندوں کو نوکریاں دی جائیں جبکہ لوڈنگ پلانٹ میسمون خیل کے مقام پر بنایا جائے۔

اُنہوں نے کہاکہ گیس پلانٹیشن کیلئے 20 ایکڑ اراضی لیزپر دی ہے جبکہ مزید تین ہزار کنال اراضی پر گیس کمپنی کا قبضہ ہے ہم گیس کی دریافت پر خوش ہیں کیونکہ ملکی معیشت میں اس کا اہم رول ہے لیکن اتنے بڑے پیمانے پر گیس کی دریافت کے بدلے ہماری قوم کو مراعات ملنی چاہیئے۔

اُنہوں نے دھمکی دی کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے ہم بڑی عید بھی دھرنے کی شکل اسلام آباد میں گزاریں گے۔