اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ آئندہ چھ ماہ میں ملک میں مہنگائی میں کمی آجائے گی۔ پہلی دفعہ پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی ہے۔ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔
جہلم میں شجرکاری مہم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لیڈر وہ ہوتا ہے جو اگلے الیکشن کی نہیں بلکہ اپنی آنے والی نسلوں کی بہتری کیلئے سوچتا ہے۔ عمران خان نے پہلے کے پی میں بلین ٹری سونامی سے درختوں کی اہمیت سے عوام کو شناس کروایا اور پھر وزیراعظم کا حلف اٹھانے کے بعد سب سے پہلے 10 ارب درخت لگانے کے منصوبہ کا آغاز کیا۔
فواد چودھری نے کہا کہ ضلع جہلم میں 2018 میں ہم نے 1500 کنال جگہ قبضے سے واگزار کرائی، ہم نے 2018 میں 35 ہزار درخت لگائے آج 20 ایکڑ پر 25 ہزار درخت لگائے گئے، الحمدللہ بلین درختوں کے پروگرام میں جہلم پاکستان میں سب سے بہتر کارکردگی کا ضلع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فضائی آلودگی کی وجہ سے سانس اور کینسرکی بیماری میں اضافہ ہو رہا ہے، سردیوں میں پورا لاہور دھند میں گم ہوجاتا ہے، ماضی میں کسی نے ماحول پر توجہ نہیں دی، آج ہم 25 ایکڑ پرآج 20 ہزار درخت بچوں کے ساتھ مل کر لگائیں گے، جو بچے درخت لگائیں گے اس کے ساتھ اپنے نام میں تختی لگائیں اور ہر تین ماہ میں آکر اس درخت کو دیکھیں وہ درخت کتنا بڑاہوا ہے۔