معاہدۂ ابراہیمی اور مشرقِ وسطیٰ کا نیٹو ……(2)۔۔۔تحریر اوریا مقبول جان


معاہدہ ابراہمی کے خدوخال تشکیل دینے اور اس پر عرب ممالک کو راضی کرنے کی دو سو سالہ تاریخ ہے جو گذشتہ صدی میں زیادہ زور شور اور منصوبہ بندی کے ساتھ نظر آتی ہے۔ مسلمانوں میں ایک تصور عام کیا گیا کہ دراصل سیدنا ابراہیم علیہ السلام کا دینِ حنیف ہی ہے جس پر موجودہ عیسائی، یہودی کاربند ہیں اور مسلمانوں کو بھی اسی پر چلنے کو کہا گیا ہے۔ اس کا مقصد عیسائیت اور یہودیت کو تحریفوں سمیت قبول کروانا تھا۔ عیسائیوں کے ساتھ معاملہ کرنا ہمیشہ سے مشکل رہا کیونکہ دو ہزار سال سے وہ یہودیوں کو سیدنا عیسی علیہ السلام کا قاتل نہ صرف مانتے چلے آئے تھے بلکہ اس کی بنیاد پر انہوں نے یہودیوں کے ساتھ بدترین، انسانیت سوز اور ذلت آمیز سلوک بھی روا رکھا۔ مذہبی بنیاد پر ان کو ایک دینِ ابراہیمی کی میز پر بٹھانا ایسا ہی تھا جیسے سیدنا امام حسین اور یزید کے ماننے والوں کو اس بنیاد پر اکٹھا کر لیا جائے کہ دونوں مسلمان ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یورپ کے عیسائیوں کو عیسائیت سے برگشتہ کرنے کے لئے پہلے دو نظریات، کیپٹل ازم اور کیمونزم کے چکر میں الجھا کر مذہب بیزار بنایا گیا۔ یہ نظریات ایک دوسرے کی ضد تھے مگر ان میں الحاد اور لبرل اخلاقیات مشترک تھے۔ ایک مذہب کو ذاتی فعل قرار دیتا اور دوسرا مذہب کو افیون کہتا تھا۔ مئی 1804 میں نپولین کے برسراقتدار آنے پر انقلابِ فرانس نے چرچ کو عیسائیت سمیت نکال باہر کیا اور سو سال بعد اکتوبر 1917 میں کیمونزم نے روس سے عیسائی مذہب کی شناخت تک مٹا دی۔ معاشرے سیکولر، جمہوری، لبرل اور کیمونسٹ ہوتے چلے گئے، پادری کونوں کھدروں میں دبک گئے۔ مرنجاں مرنج قسم کی کیتھولک عیسائیت وجود میں آ گئی جو خود کو عالمی اور وسیع المشرب کہتی اور پروٹسٹنٹ تو پہلے ہی سے عیسائیت کی بنیادیں ہلا چکے تھے۔ اب پیچھے رہ گئے مسلمان ،تو ان کو دینِ ابراہیمی کے تصور پر اکٹھا کرنے کے لئے کئی محاذوں پر بیک وقت کام شروع کیا گیا۔ پہلا کام وحدتِ امت کو پارہ پارہ کرنے کے لئے خلافتِ عثمانیہ کو توڑ کر عرب قومیت کے زہر آلود پودے کو پروان چڑھایا گیا۔ ایک عربی بولنے والے، ایک اسلام کے پیروکار اور ایک ہی سرزمین پر رہنے والے عربوں کو بائیس قومی ریاستوں میں تقسیم کر دیا گیا۔ گویا قومیت کی تعریف کو زبان، رنگ اور علاقے سے نکال کر چھوٹے چھوٹے نسلی قبائلی گروہوں تک محدود کر کے عرب دنیا کو منقسم کیا گیا۔ وحدتِ امت کی علامت اور خلافتِ عثمانیہ کی وارث ترک قوم کو مذہب سے برگشتہ اور سیکولر، لبرل معاشرے میں ڈھالنے کے لئے ان پر دونمیہ (بظاہر مسلمان اور خفیہ یہودی) قوم کے فرزند کمال اتاترک کو مسلط کیا گیا جس نے بزورِ طاقت ایسا معاشرہ تخلیق کیا جسے کم از کم عرب مسلمانوں سے شدید نفرت تھی۔ اس کے ساتھ ہی، علمی اور ترغیبی سطح پر جدید مذہبی سکالروں کی ایک کھیپ تیار کی گئی اور ان کی تحریروں اور تقریروں کو عام کیا گیا۔ یہ لوگ عمومی طور پر دنیا بھر کے ادیان کے برحق ہونے کے قائل تھے مگر تینوں ابراہیمی مذاہب کو خصوصا یہ ایک ہی درخت کی شاخیں قرار دیتے تھے۔ آج اس وقت پوری دنیا میں لاتعداد ایسے ادارے، این جی اوز اور تھنک ٹینک، صہیونی اور امریکی سرمائے سے کام کر رہے ہیں جو ان تین ابراہیمی مذاہب کے اتحاد ثلاثہ کے قائل ہیں۔ اس علمی اور ترغیباتی پسِ منظر کو دنیا بھر کے مسلمانوں پر گیارہ ستمبر کے بعد شدت سے عام کیا گیا اور اسے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم علمی ہتھیار سمجھا گیا۔ بائیس عرب ممالک مدتوں سے واضح طور دو ایسے گروہوں میں منقسم ہیں جن کی وجہ سے پورا خطہ ایک ایسا آتش فشاں ہے جو کسی بھی دن لاوا اگل سکتا ہے۔ محدود حالت میں اس کا آغاز 2011 میں عرب بہار میں ہو چکا ہے۔ منقسم عربوں کا ایک گروہ حکمران ہے اور دوسرا گروہ عرب عوام۔ دونوں کی سوچ اور ترجیحات بالکل مختلف ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ تمام عرب حکومتیں کمزور ہیں اور اپنے استحکام اور بقا کے لئے انہیں عالمی طاقتوں اور غیر عرب قوتوں کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ قریب ترین غیر عرب قوت اسرائیل ہے جسے اب عرب حکمرانوں نے اپنی سکیورٹی کی ضمانت سمجھنا شروع کر دیا ہے۔ سو سالہ نفرت اور تین جنگوں کی تاریخ کو کھرچنا آسان نہیںتھا اور وہ بھی اس پسِ منظر میں کہ جب ایران گذشتہ چالیس سال سے القدس کے تنازعے کو زندہ رکھے ہوئے ہو۔ شام، عراق، لبنان، یمن اور بحرین میں اس کی پراکسیز کی موجودگی نے عرب حکمرانوں کو مزید خوفزدہ کر رکھا تھا۔ اس عالم میں معاہدہ ابراہیمی آ گیا جس کا مدعا ابراہیمی مذاہب کے اتحاد کے نعرے کو خوش کن بنا کر پیش کرنا اور کمزور عرب حکمرانوں کا تحفظ کرنا تھا۔ 13 اگست 2020 کو ہونے والے اس معاہدہ پر اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو، متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زید النہیان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط ہیں۔ اس ابراہیمی معاہدے کے بعد ستمبر 2020 میں بحرین، اکتوبر 2020 میں سوڈان اور دسمبر 2020 میں مراکش نے اسرائیل کے ساتھ معاہدات پر دستخط کئے اور سفارتی تعلقات بحال کر لئے۔ اس اہم ترین تبدیلی کے بعد فلسطین اتھارٹی اور حماس نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے غداری اور صہیونی ایجنڈے کی تکمیل کا راستہ قرار دیا۔ معاہدے پر عرب دنیا کے تمام حلقوں میں جو بے چینی پھیلی اس کو زائل کرنے کے لئے سعودی خفیہ ایجنسی کے سربراہ شہزادہ بندر بن سلطان نے فلسطینیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ فلسطین کے سنٹر فار پالیسی اینڈ سروے ریسرچ نے اس معاہدے کے بارے میں سروے کروایا تو 80 فیصد فلسطینیوں نے اسے غداری اور ذلت سے تعبیر کیا۔ یہ معاہدہ جو کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی خصوصی کاوشوں کا نتیجہ تھا وہ آج بھی امریکی ریاست اور اسرائیلی حکومت کا اہم ترین پالیسی ستون ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گذشتہ ڈیڑھ سال سے ابراہیمی معاہدے کی آغوش “فولڈ” میں دیگر مسلمان ملکوں کو لانے کی بھر پور کوششیں جاری ہیں۔ سعودی عرب اور عمان ایسا بہت پہلے کر گزرتے اگر انہیں اپنی رعایا کے ردعمل کا خوف نہ ہوتا۔ پاکستان پر اس معاملے میں پہل کرنے کے لئے دبائو مسلسل بڑھایا جا رہا ہے۔ کئی اخبارات کے مطابق عمران خان کے دو ٹوک انکار نے سب کچھ کھٹائی میں ڈال دیا۔ انڈونیشیا کی سیکولر حکومت یہ قدم اٹھانے کے لئے پر تول رہی ہے لیکن اس کی زیادہ اہمیت نہیں اور دوسرا وہ بھی اپنی رعایا سے خائف ہیں۔ اسی خوف کے تحت اب ایک نئی حکمتِ عملی اپنائی گئی ہے کہ عرب دنیا چونکہ بیک وقت اندرونی دہشت گردی اور ایرانی اثرات کی وجہ سے سخت سکیورٹی خدشات کا سامنا کر رہی ہے، اس لئے تمام مشرقِ وسطی کے ممالک بشمول اسرائیل کا ایک ایسا دفاعی اتحاد بنایا جائے جو نیٹو کی طرز پر ہو۔ عرب حکمران کتنے بھی ایک دوسرے کے خلاف ہوں، سب کا امریکہ ہی سرپرست ہے اور وہ ان سب کو آسانی سے ایک میز پر لا کر بٹھا سکتا ہے۔ بلکہ اب تو یوں لگتا ہے فلسطینی بھی رام ہو چکے ہیں۔ گذشتہ ماہ جب میں استنبول میں حماس کے سربراہ خالد مشعل کی محل نما عمارت میں وہاں موجود قیادت سے ملا تو مجھے اندازہ ہوا کہ اگر ترکی اور سعودی عرب وغیرہ کے تعلقات بہتر ہو گئے تو حماس بھی کتنی آسانی سے ابراہیمی معاہدے کا حصہ بن سکتی ہے اور اب تو یہ تعلقات بہتر ہو ہی چکے ہیں۔ مشرقِ وسطی کا نیٹو عرب حکمرانوں کی ضرورت ہے اس لئے کہ ان کی حکومتیں عوامی ردعمل سے بچ سکیں اور یہ اعتماد امریکہ کی اس لئے ضرورت ہے کہ روس یوکرین جنگ میں یہ خطہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے مخالف نہ کھڑا ہو۔ نیٹو کا آغاز ایک میزائل ڈیفنس سسٹم سے کیا جا رہا ہے جس کی کمانڈ اور کنٹرول بظاہر مشترکہ ہو سکتی ہے لیکن اصل میں اسرائیل کے پاس ہی ہو گی ۔ یہ میزائل ڈیفنس سسٹم کن لوگوں کے حملوں سے عرب حکمرانوں کو بچانے کے لئے بنایا جا رہا ہے، یقینا عرب عوام کے حملوں سے بچنے کے لئے۔ (ختم شد)

بشکریہ روزنامہ 92 نیوز