چپڑاسیوں،کلرکوں کو 16 ارب روپے منتقلی پر شہباز شریف،حمزہ قابل احتساب ہیں، ایف آئی اے


لاہور(صباح نیوز)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے منی لانڈرنگ میں براہ راست ملوث ہونے کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں، چپڑاسیوں اور کلرکوں کے اکائونٹس میں 16 ارب روپے کی منتقلی کیلئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز قابل احتساب ہیں۔

ایف آئی اے لاہور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شریف گروپ کے خلاف میگا منی لانڈرنگ کی تحقیقات جاری ہیں، تحقیقاتی ٹیم نے پیچیدہ کیس میں مالیاتی فراڈ کا پتا لگانے کے لیے محنت سے کام کیا ہے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم نے 16ارب روپے کی 17ہزار ٹرانزیکشنز کی منی ٹریل کا تجزیہ کیا، یہ پیسے شریف گروپس کے کلرکوں اور چپڑاسیوں کے اکائونٹس میں ڈالے گئے، رقم 2008 سے 2018کے دوران کلرکوں اور چپڑاسیوں کے اکائونٹس میں ڈالی گئی۔

ایف آئی اے کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز 2008سے 2018کے دوران پبلک آفس ہولڈر تھے، تحقیقاتی ٹیم نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے براہ راست ملوث ہونے کے دستاویزی ثبوت حاصل کیے۔

ایف آئی اے نے مسلم لیگ ن کے رہنما کا بیان عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے عطا تارڑ کے بیان کی تردید کی اور کہا کہ چپڑاسیوں اور کلرکوں کے اکائونٹس میں 16 ارب روپے کیلئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز قابل احتساب ہیں۔