اسلام آباد(صباح نیوز) سابق چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں سنگین ریاستی دہشت گردی کامرتکب ہورہاہے مظالم کی انتہاہوچکی ہے،ایٹمی پاکستان کے حکمران کہاں ہیں،ایٹم بم اچارڈالنے کے لیے نہیں بنایاتھا،ایک ڈاکٹر اورتاجر کو جس طرح بھارتی فوجیوں نے عسکریت پسند ظاہر کرکے ان کوبے دردی سے شہید کرنے کے بعدان کی میتیں 80کلومیٹر دور برف میں دبادیں ،شہیدکی بچی اور اہلیہ کی فریاد دل دہلا دینے والی ہے،سیاسی اور اخلاقی حمایت کا وظیفہ کافی ہوگیاہے،ایٹمی پاکستان اور اس کی مضبوط فوج عملی کردار ادا کرے۔
ان خیالات کااظہارانھوںنے وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا،انھوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیںہندوستان کی قابض افوا ج کا جنگی جرائم کی تمام حدود پھلانگنا پوری انسانیت کے لیے کھلا چیلنج ہیں،ماورائے عدالت کشمیریوںکو شہید کرکے ان کی میتیں دور لے جاکر گھڑوں میں دبانازندہ ضمیر انسانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے،نریندرمودی کشمیریوں کی نسل کشی ایک منصوبے کے تحت کررہاہے،فیصلہ کن مرحلہ آگیاہے حکومت پاکستان ایٹمی پاکستان کے شایان شان پالیسی اور حکمت عملی تشکیل دے کر کشمیریوں کو ہندوستان کے ظلم سے آزاد کروائے۔
مقبوضہ کشمیر میں جو مظالم ڈھائے جارہے ہیںکشمیریوں کی جس طرح نسل کشی کی اجارہی ہے ان مظالموں کے لیے نہ بیس کیمپ کے عوام اور حکمران کردار ادا کررہے ہیں اور نہ ہی پاکستان کے حکمرانوں کو اپنی ذمہ دارایوں کو احساس ہے،ان مظالم پر آزاد کشمیر کی پوری قوم کو نکل آناچاہیے تھا حکمران اپنا کردار ادا کرتے مگر یہ کردار مفقود ہے ۔انھوںنے کہاکہ حکومت آزاد کشمیر اور پاکستان فیصلہ کن کردار ادا کرے۔