سراج الحق کا چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبر پختونخواہ سے ٹیلی فونک رابطہ، انجینئر اسد اللہ شاہ اور ان کے ساتھیوں کے قاتلوں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ


لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبر پختونخواہ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے جماعت اسلامی کے دیرینہ کارکن اور الخدمت فاؤنڈیشن شمالی وزیرستان کے صدر انجینئر اسد اللہ شاہ اور ان کے ساتھیوں کے قاتلوں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

جاری تفصیلات کے مطابق امیر جماعت نے کے پی حکومت پر واضح کیا ہے کہ جماعت اسلامی اسداللہ شاہ کی شہادت پر خاموش نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا حکومت اگر مظلوموں کو انصاف نہیں دے سکتی تو گھر چلی جائے۔ جماعت اسلامی اپنے کارکنان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ درد میں ہر طرح سے شریک ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان ہی اس کا اصل سرمایہ ہے۔

انہوں نے کہا دین، ملک اور محروم طبقات کی خدمت کے جذبہ سے سرشار کارکنان جماعت اسلامی ظلم و ناانصافی کے خلاف بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے۔ امیر جماعت کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ حکومت صوبے میں امن وامان کے قیام میں مکمل ناکام ہوگئی ہے۔ جرائم پیشہ افراد دندناتے پھر رہے ہیں اور صوبے کی حکومت تماشوں میں مصروف ہے۔

امیر جماعت نے اسداللہ کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہید کی درجات کی بلندی اور لواحقین نے اظہار تعزیت کیا ہے۔ یاد رہے کہ انجینئر اسد اللہ شاہ کو ان کے ساتھیوں سمیت نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے گزشتہ دنوں شہید کردیا۔ انجینئر اسد اللہ شاہ الخدمت فاؤنڈیشن شمالی وزیرستان کے صدر اور علاقے کی معروف سماجی شخصیت تھے۔