لاہور (صباح نیوز) علامہ خادم حسین رضوی کے عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغازہوگیا ہے،
تحریک لبیک پاکستان کے امیر حافظ سعد حسین رضوی نے جمعہ کے اجتماع خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب باتوں سے زیادہ کام ہوگا، ہم صرف کام کریں گے اور حسب ضرورت جو باتیں ہوئیں وہ بھی کریں گے،کارکنوں نے میری اسیری کے دوران ظلم و زیادتی برداشت کی لیکن ثابت قدم رہے، کارکنان نے جان و مال، اولاد اور گھر کی قربانی دے کر ظلم برداشت کیا لیکن کمزور نہ پڑے، ساری قربانیاں آپ نے دیں میں تو قید میں تھا، آپ نے اپنی منزل نظر کی جانب رکھی اور ہماری منزل کیا ہے یہ بابا جی (خادم حسین رضوی )ہمیں اتنے طریقے سے بتاکر گئے ہیں کہ یہ سارے مل کر بھی آپ کو منزل سے نہیں ہٹاسکے۔
جمعہ کی نماز کے بعد سربراہ ٹی ایل پی حافظ سعد حسین رضوی اور مجلس شوریٰ کے اراکین نے مزار پر چادر پوشی کی،اس موقعہ پر مجلس شوریٰ کے رکن علامہ محمد شفیق امینی، پیر سید ظہیر الحسن شاہ، قاضی محمود اعوان، علامہ غلام عباس فیضی، مولانا فاروق الحسن قادری، علامہ غلام غوث بغدادی، پیر سید عنایت الحق شاہ بھی موجودتھے، خصوصی دْعا رکن شوریٰ و سرپرست اعلیٰ ٹی ایل پی قاضی محمود اعوان نے کی، کارکنان کی بڑی تعداد مرکز جامع مسجد رحمة اللعالمین کے اندر اور باہر موجود تھی۔
علامہ سعد حسین رضوی کا استقبال کارکنوںنے لبیک یا رسول اللہ ۖ کے نعروں اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے کیا، سربراہ تحریک کو کارکنوں کی بڑی تعداد نے گھیر لیا اور بغلگیر ہوئے سربراہ تحریک کارکنوں سے ملتے آبدیدہ ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے کارکنان کی عرس مبارک میں شرکت بابا جی سے انکی والہانہ محبت کا ثبوت ہے۔ سربراہ تحریک سعد حسین رضوی نے جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کیانمازیوں کی بہت بڑی تعداد کے باعث ملتان روڈ اور اطراف کی گلیوں میں بھی نمازیوں کی کثیر تعداد موجود تھی