انقلاب کے لئے اعلی اخلاقی کردار کی ضرورت ہے، صرف نظریے سے انقلاب نہیں آتا،دردانہ صدیقی


پشاور(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ انقلاب کے لئے اعلی اخلاقی کردار کی ضرورت ہے، صرف نظریے سے انقلاب نہیں آتا۔ اگر افراد کے اندر اخلاص و کردار کی جھلک نہ ہو  اور وہ عملی طور پر انقلابی اوصاف پیش نہ کر سکیں تو محض دعووں اور نعروں سے کوئی انقلاب نہیں آسکتا۔

ان خیالات کا اظہار  دردانہ صدیقی نے حلقہ خواتین جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ کے دو روزہ رپورٹنگ اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب بڑا مسئلہ تباہ ہوتی ہوئی معیشت ہے اور اس کا حل سود سے پاک نظام معیشت ہے۔ورلڈ کنٹری ڈائریکٹر نے بھی اس بات کااعتراف کیا ہے کہ جماعت اسلامی کی دی گئی معاشی پالیسی بہترین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس قیمتی مشن کے مدعی ہیں جس کے لئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے طائف کا سفر کیا۔ ہمارا اجتماعی اور انفرادی کردار ایک ہونا چاہئیے، کردار کاتضاد تحریک کے لئے زہر قاتل ہے،ہماری جدوجہد دعوت دین اور اقامت دین کی جدوجہد ہے، یہ جدوجہد انفرادی بھی ہے اور اجتماعی بھی، فرد کے اندر لگن اور تڑپ  ہی اجتماعیت کو تقویت دیتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسلام کی اصل طاقت مخلص اور بے داغ محسنین ہیں،جماعت اسلامی کے پیچھے کوئی ملکی یاغیر ملکی قوت نہیں بلکہ افراد کو اپنے کردار، ایمان اور اللہ کے ساتھ تعلق کی جڑیں مضبوط کرنی ہیں،

یاد رہے کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی دو روزہ تنظیمی دورے پر خیبر پختوانخواہ پہنچی تھیں۔ انہوں کے پی جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی دو روزہ رپورٹنگ اجتماع میں خصوصی شرکت کی اور صدارتی خطاب کیا۔ دورے میں ڈپٹی سیکریٹریز عنایت جدون، سکینہ شاہد اور معتمدہ تسنیم معظم بھی ان کے ہمراہ تھیں