الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے صدرالخدمت شمالی وزیرستان انجینئر اسداللہ شاہ اورساتھیوں کی شہادت پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار


لاہور( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے محب وطن،خدمت خلق کے جذبے سے سرشارالخدمت فاؤنڈیشن شمالی وزیرستان کے صدرانجینئراسداللہ شاہ اور ان کے ساتھیوں کی گزشتہ روز شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہادت پرگہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے قائم مقام صدر شاہد اقبال نے جاری بیان میں کہا کہ انجینئراسداللہ شاہ نے شمالی وزیرستان میں الخدمت کے کام کو بہترین انداز میں منظم کیا۔ میرعلی اور میران شاہ کے علاقوں میں بازاروں اور ٹرانسپورٹ اڈوں میں مزدوری کرنے والے سٹریٹ چلڈرن کے لئے الخدمت چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز کی بنیاد رکھی جو آج ان بچوں کا مسقبل سنوار رہی ہے۔

  شاہد اقبال نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں بے آسرا اور یتیم بچوں کے لئے آغوش الخدمت ہوم کا قیام  انجینئراسداللہ شاہ کادیرینہ خواب تھا اور ہمیشہ جس کی تکمیل کے لئے تگ و دوکرتے نظر آئے،ان شاء اللہ جلد ہی ان کے اس خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا،انجینئراسداللہ شاہ شمالی وزیرستان کے سینکڑوں یتیم بچوں کی کفالت کی ذمہ داری بخوبی نبھا رہے تھے ، تنگدست بیواؤں کی مالی معاونت اور ان کو خود کفیل بنانے کے لئے بھی کوشاں رہے۔ ان کی تمام زندگی دکھی انسانیت کی خدمت سے عبارت ہے۔ ان کی مثالی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے قائم مقام صدر  نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی  کہ وہ  انجینئراسداللہ شاہ  اور ان کے ساتھیوں کی کامل بخشش اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے،آمین۔ علاوہ ازیں الخدمت فاؤنڈیشن کے ملک بھر میں قائم دفاتر میں مرحومین کی مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔