لاہور(صباح نیوز)صوبائی دارالحکومت میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کی ٹیمیں ووٹوں کی درستگی و اندراج کے لیے گھر گھر جا کر ووٹوں کی تصدیق کررہی ہیں، ووٹر لسٹوں کی نظر ثانی کے اس مرحلہ میں ڈسڑکٹ الیکشن کمشنر لاہور کی طرف سے عملہ اگلے ماہ 6 دسمبر تک گھر گھر جا کر ضلع میں انتخابی فہرستوں کی جانچ پڑتال کرے گا۔
ضلعی ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر لاہور کے مطابق71اسسٹنٹ رجسٹریشن افسران 801سپروائزر اور 3059تصدیق کنندگان کو ووٹوں کی تصدیق و اندراج کی زمہ داری سوپنی گئی ہے اور تصدیق کنندہ گھر گھر جا کر انتخابی فہرستوں کی شناختی کارڈ پر دیئے گئے مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق ووٹوں کے اندراج کو یقینی بنائے گاکیوں کہ ووٹوں کی گھر گھر جا کر درستگی واندراج کے عمل سے آئندہ آنے والے انتخابات میں غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستیں تیار کی جا سکتی ہیں جو کہ الیکشن کمیشن اور تمام متعلقین کی خواہش کے عین مطابق شفاف انتخابی عمل کی طرف ایک اہم قدم ہوگا۔
واضح رہے کہ آبادی کے لحاظ سے بڑا شہر ہونے کی وجہ سے لاہور میں خصوصی طور پر انتظامات کیے گئے ہیں زیادہ عملہ تعینات کیاگیا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اور دیگر افسران خود بھی مختلف ٹیموں کے پاس پہنچ کر نگرانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں
ان کا کہنا ہے کہ عوام الیکشن کمیشن کے عملے سے تعاون کریں تاکہ ووٹر لسٹوں کی صورت میں انہیں آسانی ملے اور بروز انتخاب انہیں ووٹ کی تلاش جیسے مسائل سے دوچار نہ ہونا پڑے۔