ملک میں دو سال میں ادویات کی قیمتوں میں 5.13فیصد اضافہ ہوا،سینیٹ میں تفصیلات جمع


اسلام آباد(صباح نیوز) ملک میں دو سالوں میں ادویات کی قیمتوں میں 5اعشاریہ 13فیصد اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ دو سالوں کے دوران پاکستان میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی تحریری تفصیلات وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز نے ایوان بالا میں جمع کرادی ہے، جس کے مطابق گزشتہ دو سال میں پاکستان میں ضروری ادویات کی قیمتوں میں 5.13فیصد اور کم قیمت ادویات کی قیمتوں میں 7.34فیصد اضافہ ہوا ہے، 102ادویات کی قیمتوں میں 2.53فیصد سے 311.61فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

سینیٹ میں مختلف ممالک سے خریدی گئی ویکسین اور لاگت کی بھی تفصیلات پیش کی گئیں، جس کے مطابق 15نومبر تک کل 177.04ملین ویکسینز میں سے 44.48ملین بطور عطیہ حاصل ہوئیں، جس میں کویکس کی طرف سے عطیہ کردہ 36.68ملین خوراکیں شامل ہیںاور چین کی طرف سے عطیہ کردہ 7.7ملین خوراکیں بھی اس میں شامل ہیں۔

وزارت صحت کے مطابق 15نومبر تک حکومت نے 132.56ملین خوراک خریدیں، 15 نومبر 2021تک ویکسین کی خریداری کے کل اخراجات 181.4ارب روپے ہیں۔