کراچی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے تیسری بار پٹرول قیمتوں میں ہوشربااضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجود حکومت نے مہنگائی،آئی ایم ایف کی غلامی اوروعدہ خلافی میں سابقہ حکومت کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے سے لیکر سستے آٹے تک شہبازشریف حکومت کے سارے دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کا نیاطوفان آئے گا جس سے براہ راست عام آدمی ہی متاثر ہوگا۔
انہوں نے آج ایک بیان میں کہاکہ عوام بدترین لوڈشیڈنگ اور دووقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں تو دوسری جانب حکمرانوں کے اثاثے اربوں وکروڑوں میں اوروزیراعظم ہاوس وایوان صدرکے بجٹ میںاضافہ کرکے عوام کے زخموں پرنمک پاشی کی جارہی ہے۔فرسودہ نظام اورغیروں کے غلام حکمرانوں سے نجات حاصل کئے بغیر ملک بحران اورعوام مسائل سے نجات حاصل نہیں کرسکتے۔صوبائی امیر نے کہاکہ کمرتوڑ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیربناکر رکھ دی ہے۔
حکومتی ترجمان جو دیگر ممالک میں پٹرول قیمتوں کے ریٹ بتا رہے ہیں توساتھ ہی ان ممالک میں فی کس آمدنی کا بھی بتادیں۔موجودہ حکومت نے 18دنوں میں تیسری بار 84روپے تک پٹرول قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پربجلی گرادی ہے،جبکہ ایک ماہ میں مسلسل روپے کی بے قدری اور 25روپے تک ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ سارا ملبہ پچھلی حکومت پر ڈالنا ان کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اتحادی حکومت ملک اورعوام کی حالت زار پررحم کرے۔آئی ایم ایف مالیاتی اداروں کی بجائے ملک وقومی مفاد کو سامنے رکھ کر فیصلے کئے جائیں۔