ماورائے عدالت کشمیریوں کے قتل کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال


سری نگر: ماورائے عدالت کشمیریوں کے قتل کے خلاف جمعہ کے روز مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال رہی ، کاروبار زندگی معطل رہا جبکہ احتجاج بھی کیا گیا اس موقع پر شہریوں کے بہیمانہ قتل کی بین الاقوامی فوجداری عدالت سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔

اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی  گئی  وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں شہریوں کے قتل عام اور بدترین جنگی جرائم کا نوٹس لیں۔ہڑتال کی اپیل  کل جماعتی حریت کانفرنس کے محبوس چیئرمین مسرت عالم بٹ اور میر واعظ فاروق نے دی ہے جبکہ تقریبا تمام حریت رہنمائوں اور تنظیموں کے علاوہ ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن نے اس کی حمایت کی ہے۔

مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کشمیریوں سے اپیل کی  تھی کہ شہدا کی غائبانہ نماز جنازہ ادا  کی جائے اور احتجاجی مظاہرے  کیے جائیں ۔ انہوں نے لوگوں سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ سرینگر میں شہید الطاف احمد بٹ اور ڈاکٹر مدثر گل اور ضلع رام بن کے علاقے بانیہال میں شہید عامر احمد کے گھر وں کی طرف مارچ کریں۔

حریت چیئرمین نے شہریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے سرینگر میں چار بے گناہ شہریوں کو وحشیانہ طور پر قتل کیا ۔انہوں نے حیدر پورہ میں شہریوں کے بہیمانہ قتل کی بین الاقوامی فوجداری عدالت سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں شہریوں کے قتل عام اور بدترین جنگی جرائم کا نوٹس لیں۔