سری نگر: بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے طالب علم آصف شبیر نائیک کو مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون کے تحت جیل بھیج دیا گیا ہے ۔
آصف شبیر نائیک بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آبادکے میڈیاسائنسز کے شعبے میں زیر تعلیم ہے۔ ان کا تعلق جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈا سے ہے۔ اس نے 2019 سے اسلام آباد کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں داخلہ لیا ۔ وہ 2019 سے یونیورسٹی کے ہاسٹل میں رہ رہا ہے۔ وہ واہگہ بارڈر کے راستے کئی بار جموں و کشمیر کا دورہ کر چکا ہے۔جون میں گرمیوں کی چھٹیوں میں جموں و کشمیر واپس گیا تھا۔
چھٹیوں کے بعد، اس نے اپنی تعلیم کے لیے واپس پاکستان جانے کی کوشش کی، بدقسمتی سے وہ کورونا کی پابندیوں کی وجہ سے ناکام رہا۔ لیکن 24 اکتوبر 2021 کو جب وہ سری نگر ہوائی اڈے پر ایمیگریشن آفس میں پہنچا تو بھارتی حکام نے انہیں حراست میں لے لیا۔
10 دن بعد آصف کے دادا کو اطلاع ملی کہ وہ بھارتی حکام کی تحویل میں ہیں۔ پھر حکام نے اسے مقدمے کے لیے عدالت میں پیش کیا۔ حکام نے اس پر عسکریت پسند ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے اس کا 14 دن کا ریمانڈ حاصل کیا۔ چنانچہ وہ 24 اکتوبر 2021 سے جیل میں ہے۔