مظفرآباد(صباح نیوز)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی زیر صدارت آئندہ بجٹ کے حوالہ سے کابینہ کا غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں حکومت پاکستان کی جانب سے آزاد کشمیر کے بجٹ پر کٹ لگنے کی صورت میں بجٹ پیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق بجٹ کے حوالے سے اسمبلی کے اندر اور باہر موجود اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کے لئے آزاد کشمیر کابینہ کی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔بجٹ پر کٹ کے حوالے سے آواز بلند کرنے کے لئے میڈیا کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔اجلاس میں قائمقام صدر سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق نے خصوصی شرکت کی،
وزرا حکومت خواجہ فاروق احمد،عبدالماجد خان،دیوان علی خان چغتائی، چوہدری محمد رشید،چوہدری اظہر صادق، سردار فہیم اختر ربانی،چوہدری محمد ارشد، ڈاکٹر نثار انصر ابدالی، چوہدری محمد اخلاق،چوہدری مقبول،چوہدری علی شان سونی، ظفراقبال ملک، چوہدری یاسر سلطان،مشیر برائے اوقاف وا مور دینیہ حافظ حامد رضا،معاون خصوصی برائے اطلاعات چوہدری محمد رفیق نیئر، معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی چوہدری محمد اقبال،پارلیمانی سیکرٹریز محترمہ تقدیس گیلانی، محترمہ امتیاز نسیم، محمد مظہر سعید و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بجٹ پر کٹ لگا رہی جہاں پر پی ٹی آئی کی حکومتیں قائم ہیں۔ یہ خطہ تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے پیش نظر دفاعی اہمیت کا حامل ہے، یہ خطہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے جو بجٹ پر کٹ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو خطے کی حساس نوعیت اور بجٹ پر کٹ لگنے سے پیدا ہونے والی صورت حال سے آگاہ کریں گے۔
قائمقام صدر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ آزاد کشمیر کے بجٹ پر کٹ لگا تو خطے پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے جبکہ وزرا نے اس امر کا اظہار کیا کہ کشمیری پہلے بھی پاکستان کے لئے قربانیاں دیتے چلے آئے ہیں۔ اگر اب بھی پاکستان کو صرف ہماری قربانی ضرورت ہے تو سارا بجٹ ہی روک لیں۔دوران اجلاس بجٹ کٹ کے معاملے پر یک زبان ہو کر آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں سے بات چیت کے لئے وزیر حکومت سردار میر اکبر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی
جس میں خواجہ فاروق احمد،،دیوان علی خان چغتائی،چوہدری محمد رشید،علی شان سونی،چوہدری مقبول،چوہدری ارشد حسین،،اظہرصادق،حافظ حامد رضا،پیر مظہر سعید، چوہدری محمد اخلاق اور ملک ظفر شامل ہیں۔ بجٹ پر کٹ کے معاملات میں وزیر خزانہ ماجد خان کی سربراہی میں میڈیا کمیٹی بنائی گئی جس میں سردارفہیم ربانی،رفیق نیئر،دیوان چغتائی،چوہدری رشیدنثار انصر ابدالی،چوہدری محمد اقبال شامل ہیں۔اجلاس میں محترمہ تقدیس گیلانی کی سربراہی میں سوشل میڈیا کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔