نواب شاہ (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اسلامی نظام اوردیانتدار قیادت ہی عوام کے مسائل حل،آئی ایم ایف سے نجات اورملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ سندھ کے شہر وں کی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں جبکہ عدم صفائی کی وجہ سے گلیاں کچرا کنڈی میں تبدیل ہو چکی ہیں ابلتے ہوئے گٹروں کی وجہ سے شہریوں کا چلنا دوبھر ہے صاف پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے لوگوں میں ہیپاٹائٹس اور پیٹ کے اراضی پھیل رہے ہیں۔شہروں کی تعمیر وترقی ،صاف پانی ، صحت تعلیم سمیت عوام اپنے بنیادی مسائل کے حل کے لیے بلدیاتی اتخابات میں مخلص ودیانتدار نمائندوں کو منتخب کرے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی کے تحت نواب شاہ میں بلدیاتی ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔جس میں ورکرزاورنامزدبلدیاتی امیدوار شریک تھے جبکہ تقریب سے امیر ضلع سرور احمد قریشی،قیم سرداراحمد آرائیں اور مقامی امیر فیصل ہمایوں نے بھی خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں سے ایک ہی جماعت کی صوبے اور بلدیات میں حکومت ہے لیکن کھربوں روپے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کی بجائے کھربوں روپے کرپشن کی نظر ہو گئے ہیں۔ ترازو کے نشان پر پورے سندھ سے جماعت اسلامی کے نمائندے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اب عوام کو اپنا ووٹ دیانتدار ، باصلاحیت اور خدمت کے جذبہ سے سرشاد افراد کے حق میں استعمال کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں جماعت اسلامی نے عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کے دور میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کی آج بھی مثالیں دی جاتی ہیں انہوں نے جماعت اسلامی کے بلدیاتی امیدوران کو ہدایت کی کہ گھر گھر لوگوں تک پہنچیں اور ان کو اپنا ہمنوا بنائیں ان کو جماعت اسلامی کی دعوت بھی دیں۔
قبل ازیں انہوں نے سکرنڈ اورقاضی احمد کے دورے کے دوران ذمہ داران اور جماعت اسلامی کے بلدیاتی امیدواروں سے خطاب کیا ۔امیر صوبہ نے قاضی احمد کی یو سی میر محمد جونو کا بھی دورہ کیا اور جماعت اسلامی کے امیدواروں کی انتخابی مہم کا جائزہ لیاجبکہ جماعت اسلامی کی برادر تنظمیوں کے زمہ داران سے بھی خطاب کیا۔
علاوہ ازجماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی،جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ، سیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا اورامیرضلع بدین سیدعلی مردان شاہ نے پیپلزپارٹی کے سابق صوبائی وزیر سینیٹر ڈاکٹر سکندر میندھرو کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت درجات بلندی اورپسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعاکی ہے۔