اتحادی حکومت عمران خان کی بچھائی اقتصادی بارودی سرنگیں ہٹانے میں ناکام ہوگئی ،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی، صدر مجلس قائمہ سیاسی،قومی امور لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت عمران خان کی بچھائی اقتصادی بارودی سرنگیں ہٹانے میں ناکام ہوگئی ،قومی بجٹ میں سودی معیشت کے خاتمہ اور اسلامی معاشی نظام کے نفاذ کا کوئی روڈ میپ نہیں۔

لیاقت بلوچ سے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں حلیم عادل شیخ اور علیم عادل شیخ نے ملاقات کی، جامع مسجد مبارک اور کارکنان کی شب تربیت سے خطاب کرتے ہوئے  لیاقت بلوچ نے کہا کہ اللہ کے احکامات سے انحراف کی وجہ سے امت انتشار کا شکار ہے اور اخلاقی، فکری اور بے راہ روی پر مبنی فساد پھیل گیا ،بھارت میں انتہا پسند دہشت گرد حکمران جماعت نے پیغمبر اسلام کی توہین و تضحیک سے ثابت کیا ہے کہ بھارت حکمران جماعت کی راج دھانی اور خطہ کے امن کے لیے خطرناک ہوتا جارہا ہے،عالمی سطح پر مقدس ہستیوں، مقدسات مذاہب اور قرآن و رحمت اللعالمین کی توہین روکنے کے لیے موثرقانون سازی اور اس کا نفاذ ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسلم حکمران صرف احتجاج اور تقاریر پر اکتفا نہ کریں پوری امت کے جذبات کی ترجمانی کریں،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت و ذکر ہمیشہ بلند ہوگا، شاتم اور گستاخ ہی رسوا ہونگے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ میاں شہباز سریف کی اتحادی حکومت عمران خان کی بچھائی اقتصادی بارودی سرنگیں ہٹانے میں ناکام ہوگئی ہے،قومی بجٹ عوام پر بڑا عذاب بن کر مسلط کیا گیا،مہنگائی، بیروزگاری کا سیلاب آئے گا، پیداواری لاگت بڑھنے، ٹیکسوں میں بے تحاشا اضافہ قومی معیشت کا پہیہ جام کردے گا،قومی بجٹ میں سودی معیشت کے خاتمہ اور اسلامی معاشی نظام کے نفاذ کا کوئی روڈ میپ نہیں ،قومی بجٹ اسلام اور عوام دشمن ہے ،اتحادی حکومت اپنے ابتدائی 100 دنوں میں عمران خان سرکار کی طرح ناکام ہے اور مستقبل میں بھی کسی بڑی اصلاح اور انقلابی اقدامات کی توقع نہیں ہے ،ابھی آئی ایم ایف کی بدترین شرائط کے تسلط کا بوجھ آنا باقی ہے،جماعت اسلامی پورے ملک میں سودی اور عوام دشمن بجٹ کے خلاف احتجاجی تحریک چلائے گی.

لیاقت بلوچ نے سیاسی کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی نظام پر سیاسی جمہوری قیادت اور اسٹیبلشمنٹ کی گرفت کمزور ہوگئی ، عوام مایوس  ہیں اور قومی شیرازہ بکھرا ہوا ہے. سیاست میں شدت، انتہا پسندی، انتقامی بدکلامی اور بدتہذیبی بڑا المیہ بن گئی ہے. جماعت اسلامی کو آئینی، جمہوری، اسلامی نظریاتی جدوجہد تیز کرنا ہوگی ،ہم محب دین، محب وطن، باصلاحیت اور دردمند اہل لوگوں کو متحد و متحرک کرکے بحرانوں کا خاتمہ کریں گے۔