غزہ جنگ کا ایک برس مکمل ہونے پر حماس کے اسرائیل پر راکٹ حملے

غزہ (صباح نیوز) غزہ جنگ کا ایک برس مکمل ہونے پر حماس نے اسرائیل کے معاشی حب تل ابیب پر راکٹ داغے ہیں۔ دو اسرائیلی زخمی  ہوگئے ہیں ۔ راکٹ حملے کے بعد وسطی اسرائیل میں شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لیے سائرن بجائے گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ سے داغے گئے راکٹوں کے سبب سائرن۔ بجائے گئے ہیں۔حماس نے تل ابیب پر یہ راکٹ ایسے موقع پر داغے ہیں جب سات اکتوبر کو اسرائیل پر اس کے حملے کو ایک برس مکمل ہو گیا ہے۔حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ اس نے تل ابیب پر ایم 90 میزائل داغے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق
سات اکتوبر کے حملے کو ایک برس مکمل ہونے پر صبح ساڑھے چھ بجے داغے گئے راکٹوں میں سے تین
اسرائیل فورسز نے فضا میں ہی تباہ کر دیے۔

ایک برس قبل سات اکتوبر کو صبح ساڑھے چھ بجے حماس نے اسرائیل کے جنوبی علاقوں پر حملے کیے تھے۔اسرائیل کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ نے یہ بھی اعلان کیا کہ وسطی اسرائیل میں تیس سال کی عمر کی دو خواتین شیل لگنے سے زخمی ہو گئیں۔ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ سروسز کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ہسپتال لے جایا گیا ہے اور ان کی حالت بہتر ہے۔دوسری جانب حملوں کے خطرات کے پیش نظر اسرائیل کے مختلف حصوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔