کراچی (صباح نیوز)رکن قومی اسمبلی ،معروف ٹی وی میزبان، مقررعامر لیاقت حسین کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کردی گئی، نماز جنازہ ان کے صاحبزادے احمد عامر نے پڑھائی۔عامر لیاقت حسین کی نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی شخصیات سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، نماز جنازہ عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں ادا کی گئی۔ان کی نمازجنازہ میں شرکت کے لیے اہلخانہ، دوست احباب عزیز و اقارب شریک ہوئے، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، فاروق ستار اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
عامر لیاقت حسین کی نماز جنازہ میں تحریک انصاف کے رہنما بھی شریک تھے۔عامر لیاقت حسین 5 جولائی 1972 کو پیدا ہوئے، ان کی عمر 49 برس تھی۔وہ 2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، اس سے قبل 2002 تا 2007 بھی رکن قومی اسمبلی رہے۔عامر لیاقت پہلی بار ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے، وہ وزیر مملکت برائے مذہبی امور کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔عامر لیاقت حسین نے 3 شادیاں کیں، ان کی ازدواج میں ڈاکٹر سیدہ بشری اقبال، سیدہ طوبی انور اور دانیہ رہیں۔
عامر لیاقت حسین نے سوگواران میں دو بچے دعا عامر اور احمد عامر چھوڑے ہیں۔صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری، مریم نواز، شیخ رشید، امین الحق، صادق سنجرانی، سعید غنی، کیپٹن حلیم صدیقی، اسفند یار ولی خان، شاہی سید، مرتضی وہاب، سینیٹر فیصل جاوید خان، سید غوث علی شاہ، خرم شیر زمان، غفار بلال، رضا ہارون، محمد حسین محنتی، حافظ نعیم الرحمن، ایاز لطیف پلیجو، جلال محمود شاہ، زین شاہ، مفتی ابوذر، علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی، حاجی حنیف طیب، علامہ شاہ عبدالحق، غلام نبی میمن، رمضان چھیپا، سردار عبدالرحیم، مفتی ابوبکر محی الدین، قاری محمد عثمان سمیت دیگر اہم شخصیات نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کی دعا کی ہے