مودی جیسے انتہا پسند ہندوؤں کومذمت نہیں ،مرمت کی زبان سمجھ آتی ہے،ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی ( صباح نیوز)صوبائی امیرجماعت اسلامی پنجا ب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ نریندرمودی جیسے انتہا پسندہندوؤں کومذمت نہیں مرمت کی زبان سمجھ آتی ہے ہندوستانی گجرات سے مسلمانوں اوراسلام کے خلاف دہشتگردی شروع ہوئی اور اب یہ اپنے پارٹی غنڈوں کے ساتھ نبی مہربان ۖ کی شان میں گستاخی کے ساتھ پورے ہندوستا ن میں مسلمانوں اور اسلامی شعائر پرحملہ آورہے اس ملعون کے گماشتے ہماری مسلمان بچی کے سرسے حجاب ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں جس کے جواب میں بہادرمسلمان خاتون حضرت صفیہ  کی سنت زندہ کرتے ہوئے ہندوؤں کوبھرپورجواب دیتی ہے، امت مسلمہ کے حکمران بزدل ہیں لیکن  پوری دنیا میں امہ سے وابستہ عوام عشق رسول ۖ کے جذبے سے سرشار گستاخ رسول مودی کا منہ توڑنے کے لیے پرعزم ہیں ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے تحفظ ناموس رسالت ۖڈے کے موقع پرمنعقدہ احتجاج، تحفظ ناموس رسالت ۖ مارچ کے شرکاء سے خطاب اور بعدازاں ذمہ داران وکارکنان کوعظیم الشان مارچ کے انعقاد پرمبارکبادکے پیغام میں کیا۔نریندرمودی اور اس کے حواریوں کی جانب سے گستاخی رسول اوراسلام دشمنی کے خلاف منعقدہ مارچ میں صوبائی سیکرٹر ی جنرل اقبال خان ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل رسل خان بابر،امیرضلع راولپنڈی سیدعارف شیرازی،امیرضلع اسلام آباد نصراللہ رندھاوا،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعا م الحق اعوان،صدرجے آئی یوتھ پنجاب اویس اسلم مرزا اور ذمہ داران وکارکنان سمیت عوام الناس کی بڑی تعدادشریک ہوئی ،عاشقان رسول ۖ نے اس موقع پر ہندوستان اور عالمی طاغوتی قوتوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور غم وغصے کااظہارکیا۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ سقوط ہندوستان کے وقت سے مسلمانوں اوراقلیتی کمیونٹی پرظلم وستم کاسلسلہ جاری ہے لیکن انتہاپسندبی جے پی کی سابقہ اور موجودہ نریندرمودی کی حکومت نے مسلمانوں کاجینامشکل کردیاہے ان کی سیٹزن شپ تک ختم کرنے کے لیے اقدامات کئے جاتے ہیں ،بنیادی انسانی حقوق پامال کرتے ہیں، اب حکومتی پارٹی کے عہدیدارپونے2ارب مسلمانوں کے دلوں کوزخمی کرنے کے لیے نبی اقدس ۖکی شان میں گستاخی کررہے ہیں مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن اپنے نبیۖکی توہین پروہ کٹ مرنے اورمارنے پرتیارہوجاتاہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی سرپرستی میں محمدعربی ۖکی شان میں گستاخی کی گئی اور گستاخ رسول نوپورشرماکہتی ہے اسے ہندوستانی وزیراعظم اوروزیرداخلہ کی مکمل سرپرستی اور تعاون حاصل ہے ۔

اقبال خان نے کہاکہ ہندوستانی حکومت کی جانب سے اوآئی سی اعلامیہ کومستردکرکے ہٹ دھرمی دکھانے سے ثابت ہوگیا کہ نریندرمودی انسانیت اوراسلام کادشمن ہے وہ خودکوکسی عالمی قانون کے تابع نہیں سمجھتا پوراعالم اسلام ہندوستان سے سفارتی اورتجارتی تعلقات ختم کرے اوران کی تمام پروڈکٹس کابائیکاٹ کیاجائے ۔ گستاخان رسول بی جے پی ترجمانوں کے خلاف ممبئی اورمہاراشٹرمیں ایف آئی آردرج ہوئیں لیکن دہشتگرد نریندرمودی انہیں تحفظ فراہم کررہاہے۔