پاکستان کے اندر دہشت گردی کے واقعات میں ملوث کلبھوش کو تختہ دار پر لٹکایا جائے۔ ڈاکٹر خالد محمود خان


اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی سرزمین کو خون سے سیراب کرنے والے ہندوستان کے جاسوس کو اپیل کا حق دینا کشمیریوں کے زخموں پرنمک پاشی کے مترادف ہے ،ایک طرف پاکستان کی پارلیمنٹ کلبھوشن کے حق میں ایکٹ منظور کررہی ہے جبکہ اسی دن سری نگر اور لولگام میں 8نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا گیا ،پاکستان کے اندر دہشت گردی کے واقعات میں ملوث کلبھوش کو تختہ دار پر لٹکایا جائے ،حکومت پاکستان کے اس ایکٹ کے پاس ہونے سے کشمیریوں میں پائی جانے والی بے چینی اور اضطراب میں اضافہ ہوا پاکستان کی بقا اور تکمیل کی جنگ لڑنے والوں کو ضرب کاری ہے پاکستان کے حکمران ہوش کے ناخن لیں شہداء کے مقدس خون سے کسی کو غداری کی اجازت نہیں دیں گے ،

ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ کلبھوشن کو این آر او دے کر موجودہ حکمران قائد اعظم کشمیر کی کشمیر پالیسی سے انخراف کررہے ہیں ،ایک طرف کشمیریوں پر ہندوستان مظالم کے پہاڑ توڑرہا ہے ،مقبوضہ کشمیر کو عملاً دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے نوجوانوں کو ہدف بناکر شہید کیا جارہا ہے تو دوسری طرف نا عاقبت اندیش حکمران اس ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں ،

ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ پاکستان کے وزیر خارجہ اور داخلہ نے متعدد بار میڈیا میں کلبھوشن کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے شواہد پیش کیے بین الاقوامی دبائو میں آکر کوئی فیصلہ کیا گیا تو کشمیری اسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے کشمیریوں کے آزادی کے لیے 5لاکھ شہداء پیش کیے ہیں وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ کلبھوشن پاکستان میں تخریب کاری میں ملوث تھا ایسے غداروں کو پھانسی دی جائے،انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو پاکستان کے حکمرانوں سے امید تھی کہ وہ ہندوستانی5اگست کے اقدامات کے تدارک کے لیے روڈ میپ دیں گے لیکن روڈ میپ کی بجائے این آر او دے کر کشمیریوں کے دل چھلنی کردئیے ریاست پاکستان اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے کشمیرکی آزادی کے لیے عملی اقدامات کرے ۔